بچوں کی تعطیلات میں اضافہ
Image

لاہور: (سنو نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے نمونیا کے باعث 36 بچوں کی اموات کا نوٹس لیتے ہوئے پلے گروپ سے پریپ کلاس تک کے بچوں کو 22 جنوری تک چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیل کے مطابق پنجاب میں نمونیہ سے 36 بچوں کی اموات کے معاملے پر نگران وزیراعلیٰ سید محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال میں ہنگامی اجلاس کیا۔ انہوں نے پہلی کلاس کےسکولوں کو ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا حکم دیدیا۔ اجلاس میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب بھر کے سکولوں میں 31 جنوری تک صبح کی اسمبلی پر پابندی لگا دی ہے۔

اعلیٰ سطح اجلاس میں نموینہ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے بارے طویل مشاورت کی گئی،ساتھ  ہی اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے نمونیہ سے36 بچوں کی ہلاکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پنجاب بھر میں رواں ماہ بچوں کے امتحانات ملتوی کرنےکافیصلے پر غور بھی کیا۔

اجلاس میں محسن نقوی نے پہلی کلاس کےسکولوں کو ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا حکم دیا۔ انہوں  نے بچوں ،بڑی عمر کےافراد کی نمونیہ سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کرنے کا حکم بھی دیا۔محسن نقوی نے کہا کہ ہر 10میں سے 8بچے نمونیہ کا شکار ہیں ،چھ ماہ سےکم عمر بچوں میں اموات کی تعداد زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل وقومی میڈیا پر فوری نمونیہ سے بچاؤ کی مہم چلائی جائے۔ بچوں اور بڑوں کو گرم کپڑے ،غذائیت سے بھرپور خوراک استعمال کرنی چاہیے، جس بچے کو نمونیہ ہے اسے سکول آنے سے روکا جائے۔