سٹاک مارکیٹ، کرنسی اور گولڈ مارکیٹ کا ہفتہ وار جائزہ
Image
کراچی:(سنو نیوز) سٹاک مارکیٹ، کرنسی اور گولڈ مارکیٹ کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے تو رواں ہفتے سٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی رہی، 100 انڈیکس میں رواں ہفتے 4,532 پوائنٹس کا تاریخی اضافہ ہوا ہے۔ ہفتے کے آغاز پر 100 انڈیکس 61,691 پوائنٹس پر تھا، پانچ روزہ کاروباری سیشن میں انڈیکس نے چار نفسیاتی حدوں کو عبور کیا، 100 انڈیکس 66,223 کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر بند ہوا ہے۔ سرمایہ کاروں نے رواں ہفتے 2 ارب 15 کروڑ ڈالر منافع کمایا، پاکستانی کرنسی میں منافع کا حجم 613 ارب روپے رہا، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 9,498 ارب روپے سے تجاوز کر گئی، رواں ہفتے مارکیٹ میں 5 ارب 13 کروڑ حصص کا لین دین ہوا، ٹریڈرز نے 168 ارب روپے کی بڑی سرمایہ کاری کی۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 6 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کی انویسٹمنٹ کی ،بیرونی سرمایہ کاروں نے 5 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے حصص فروخت کئے، رواں ہفتے نیٹ فارن انویسٹمنٹ ایک کروڑ 11 لاکھ ڈالر رہی۔ کرنسی مارکیٹ میں امریکی کرنسی دباؤ کا شکار رہی ہے، انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ 10 پیسے سستا ہوا، انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 283 روپے 87 پیسے پر بند ہوئی ،ہفتے کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 284 روپے97 پیسے تھی۔ یہ بھی پڑھیں https://sunonews.tv/09/12/2023/latest/58575/ جبکہ رواں ہفتے گولڈ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی آئی ہے، ایک تولہ سونا 8000 روپے سستا ہوا ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 15 ہزار 600 روپے پر بند ہوئی۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر کر 6 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں ہیں۔ خام تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں 4 فیصد سے زائد کمی سے 73.82 ڈالر فی بیرل ہوگئیں۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں 33 سینٹ کی کمی ہوئی اور 69.05 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی کھپت میں کمی دیکھی گئی ہے۔ واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت گرنے کے سبب پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات میں کمی متوقع ہے دوسری جانب ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹر لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے۔ چھاپے کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث منظم گینگ کا سرغنہ گرفتارکیا گیا ہے، چھاپے کے دوران ملزم سے لاکھوں مالیت کی کرنسی برآمد ہوئی، ملزم محمد خان کو لنڈا بازار لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم سے 13 لاکھ 80 ہزار روپے برآمد ہوئی، ملزم سے کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کر لیا گیا ،ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔