پاکستان اور پرائم منسٹر الیون کے مابین میچ ڈرا
Image
کینبرا :(سنو نیوز) کینبرا میں کھیلے جانے والا پاکستان اور آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے مابین بارش سے متاثرہ میچ ڈرا ہوگیا۔ پاکستان کی ٹیم نے پہلی اننگز میں کپتان شان مسعود کی ڈبل سنچری کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 391 رنز پر ڈیکلیئر کی تھی۔ کپتان شان مسعود نے ناقابل شکست 201 رنز بنائے تھے، جواب میں آسٹریلیا کی پی ایم الیون نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے، پرائم منسٹر الیون کے میٹ رنشا 136، کیمرون بین کرافٹ 53، کیمرون گرین 46، مارکس ہیرس 49 اور نیتھن میک سوئینے 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کیجانب سے خرم شہزاد، فہیم اشرف، ابرار احمد اور امام الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،یہ چار روزہ میچ ٹیسٹ میچ سیریز کی تیاری کا حصہ تھا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز 14 دسمبر سے 7 جنوری تک کھیلی جائے گی۔ خیال رہے کہ قومی ٹیم کو آسٹریلیا میں بڑا دھچکا لگ گیا ہے، مسٹری اسپنر ابرار احمد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انجری کا شکار ہوگئے۔ کینبرا میں پرائم منسٹرالیون کے خلاف کھیلے جارہے چار روزہ میچ کے تیسرے دن اسپنر کی جانب سے 8 اوورز کروائے گئے جس کے بعد ابرار احمد نے دائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی جس پر انہیں آرام کیلئے بھیج دیا گیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ابرار احمد کو ٹانگ میں تکلیف کے بعد ایم آر آئی اسکین کیلئے بھیجا گیا، میڈیکل پینل کرکٹر کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔ یہ بھی پڑھیں https://sunonews.tv/09/12/2023/latest/58558/ ابرار احمد نے پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ میں ابتک کل 27 اوورز کرائے جس میں انہوں نے 80 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ منسٹر الیون کے ساتھ جاری پریکٹس میچ کے دوران انجرڈ ہونے والے مسٹری اسپنر ابرار احمد کے متباد ل کے طور پر ساجد خان اور زاہد محمود کو اسٹینڈ بائے رہنے کا کہہ دیا گیا ہے ،اس مقصد کے لیے پاکستان قومی ٹیم کے ٹیم ڈائریکٹر کی ہدایت پر چیف سلیکٹر نے قومی سلیکٹرز سے رابطہ کر لیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق برار احمد کی ایم آر آئی کی رپورٹ قومی ٹیم کے میڈیکل پینل کو موصول نہیں ہوئی، ابرار احمد کی ایم آر آئی ٹھیک نہ آئی تو ساجد خان یا زاہد محمود کو سکواڈ میں متبادل کے طور پر شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ ساجد خان اور زاہد محمود کا آسٹریلیا کا ویزہ پہلے سے موجود ہے، ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ ابرار احمد کی ایم آر آئی رپورٹ آنے کے بعد قومی سپنرز میں سے کسی ایک کو فائنل کرینگے۔ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض محمد حفیظ سے مشورہ کرکے متبادل کو فائنل کرینگے۔