کراچی میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان
Image

کراچی: محکمہ موسمیات نے شہرِ قائد میں آج سے موسم کی شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کر دیا۔ محکمہ موسمیات  نے خبردار کیا ہے کہ پیر 10 اکتوبر تک کراچی اور ملحقہ علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ اس دوران دوپہر کے وقت سمندری ہوائیں بند رہیں گی۔

کراچی اور مضافاتی علاقوں میں تین دن تک زیادہ سے زیادہ پارہ 38 سے40 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ضلع تھرپارکر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے۔

ملک کے دیگر حصوں کی بات کی جائے تو محکمہ موسمیات نے  اتوار کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور جنوبی علاقوں میں گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم کشمیر، بالائی خیبر پختو نخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم گرم اور خشک رہا۔ سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ اور صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔