بھارت میں آدم خور ٹائیگر کو مار دیا گیا
Image
بھارتی ریاست بہار میں 10 افراد کو ہلاک کرنے والے آدم خور ٹائیگر کو مار دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع چمپارن میں اسپیشل فورس نےخاصی محنت کے بعد ٹائیگر کو نشانہ بنایا اور اس کو تین گولیاں مار کر ہلاک کیا۔ آدم خور ٹائیگر نے مختلف علاقوں پر پے درپے حملے کرکے متعدد لوگوں کو زخمی بھی کیا تھا۔ ٹی 104 کے نام سے مشہور اس ٹائیگر نے سنیچر کو ایک گاؤں میں خاتون اور اس کی بیٹی پر حملہ کیا اور دونوں کوشدید زخمی کر دیا تھا، جس کے بعد اس کی تلاش کیلئے مہم تیز کر دی گئی تھی۔ ٹائیگر کی تلاش میں چار سو افراد نے حصہ لیا۔ اس سے قبل بہار کے محکمہ جنگلات کے حکام نے والمکی ٹائیگر ریزرو نیشنل پارک میں مذکورہ ٹائیگر کو دیکھتے ہی گولی مارنے  کے احکامات جاری کیے تھے۔ واضح رہے کہ یہ تمام احکامات تمام تر حربے آزمانے کے بعد جاری کیے گئے تھے۔ حکام کے مطابق یہ ٹائیگر انسانی آبادی میں رہنے کا عادی ہو چکا تھا۔ اس ٹائیگر سے نمٹنے کے لیے حیدر آباد اور پٹنہ کی ٹیموں کو بھی ہدف سونپا گیا تھا۔ ٹائیگر کے بارے میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق اس کی عمر تقریباً ساڑھے تین سال تھی اور قریبی علاقوں میں 12 ستمبر سے مختلف افراد پر حملے کر رہا تھا۔ والمکی ٹائیگرز ریزرو پارک بہار کا واحد نیشنل پارک ہے جہاں ٹائیگرز کی تعداد 40 ہے۔