عمران خان کی گرفتاری، پی ٹی آئی قیادت کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان
Image

اسلام آباد: (سنو نیوز) تحریک انصاف کی قیادت نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عدالت پر حملہ قرار دیدیا ہے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی پرتشدد انداز میں گرفتاری قابل مذمت ہے، یہ مکمل طور پر بلاجواز اور ناقابل قبول ہے۔ عمران خان نے اپنے آج کے بیان میں رضاکارانہ طور پر گرفتاری دینے کی پیشکش کی تھی۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہائ کورٹ میں بائیو میٹرک کے دوران دھاوا بول کر اور وکلاء کو زخمی کر کے چیئرمین عمران خان کو تحویل میں لینا فسطائیت اور قابل مذمت ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عمران خان کے عدالتی احاطے سے اغواء کا فوری نوٹس لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عمران خان کی فوری بازیابی اور عدالت میں پیشی کے احکامات صادر کریں، پوری قوم چیئرمین کی صحت اور سلامتی کے حوالے سے نہایت تشویش میں مبتلا ہے، گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پرامن مگر نہایت موثر احتجاج کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر تشدد اور ان کے اغواء پر قوم اور کارکنان میں شدید رد عمل کی کیفیت ہے۔ قانون کو ہاتھ میں لئے بغیر اپنا پرزور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ چیئرمین کی بحفاظت بازیابی اور رہائی کی ساتھ اپنی جنگ پرزور سیاسی اور قانونی طریقے سے لڑیں گے۔

پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے کہا کہ مرکزی قیادت اورچیئرمین کی قائم کردہ ایمرجنسی کمیٹی کے اراکین کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، صورتحال کا ہر پہلو سے جائزہ لینگے اور اپنے بھرپور لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ ایمرجنسی کمیٹی میںسینیٹر سیف اللہ خان نیای ، سینیٹر اعظم سواتی، سینیٹر اعجاز چوہدری ، مراد سعید اور علی امین گنڈا پور شامل ہیں۔