پاک سعودی دفاعی تعاون کا تیسرا اجلاس، باہمی تعلقات کی اہمیت پر زور
Image
راولپنڈی:(سنو نیوز) پاک فوج کے شعبہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور سعودی دفاعی تعاون کے تیسرے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں فورم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ شرکاء نے دوطرفہ دلچسپی کے امور اور ابھرتے ہوئے سیکیورٹی ماحول پر تبادلہ خیال کیا، فریقین نے فوجی ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی کی ضرورت پر زور دیا، فریقین نے مشترکہ مقاصد کی تکمیل کے لیے دونوں ریاستوں کے درمیان دفاعی صنعتی تعاون کی ضرورت پر غور کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں خود کفالت حاصل کرنے کے لیے دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا ، فورم نے دفاعی تعاون میں اضافہ کے لیے مزید راستے تلاش کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بحرین کے سرکاری دورہ کے موقع پر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں ہیں۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ فوجی و سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید پڑھیں https://sunonews.tv/02/01/2024/pakistan/62657/ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بحرین کے فرمانروا شاہ حمادبن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی جبکہ بحرین کے ولی عہد اورعسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کیں۔ بحرینی قیادت کی انسداد دہشت گردی کیلئے افواج پاکستان کی کامیابی کی تعریف کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بحرین نیشنل گارڈ کے 27 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی، تقریب کےدوران انسداد دہشت گردی کی مشقوں کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ بحرین کے فرمانروا نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ملٹری میڈل آرڈر آف بحرین فرسٹ کلاس سے نوازا، آرمی چیف کو دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے میں اہم کوششوں اور تعاون پر ایوارڈ سے نوازا گیا ۔