فلپائن: ساحل سمندر کے قریب 7.0 شدت کا زلزلہ
Image
فلپائن:(ویب ڈیسک) فلپائن کے ساحل سمندر کے قریب بحرالکائل میں 7.0 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے، امریکی جیولوجیکل سروے میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 70 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز سرنگنی صوبے سے 100 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا، مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ابھی تک سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ خیال رہے کہ کچھ دن قبل جاپان میں 7.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جاپان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ملک کے وسطی علاقے میں چند میٹر اونچی سونامی کی لہریں اٹھنا شروع ہو گئی تھیں۔ جاپان کے قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق سکاوا صوبے کے وجیما شہر میں 1.2 میٹر اونچی جبکہ صوبہ تویاما کے شہر تویاما میں سونامی کے باعث سمندر میں لہریں اٹھتی دیکھی گئیں۔ قبل ازیں NHK نے وسطی جاپان میں اسکاوا پریفیکچر کے ساحلی نوٹو علاقے میں شہریوں سے کہا تھا کہ وہ فوری طور پر اپنے گھر چھوڑ کر اونچی جگہ پر جائیں۔ حکام نے کہا ہے کہ سونامی کی وجہ سے نوٹو میں سمندر کی لہریں پانچ میٹر تک اٹھ سکتی ہیں۔ نوٹو کے پڑوسی صوبوں نیگاتا اور تویاما میں بھی سونامی کی وارننگ جاری کی گئی۔ یہاں سمندر میں تین میٹر تک اونچی لہروں کا امکان تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اسکاوا صوبے کے شہر سوزو میں زلزلے کے باعث کئی مکانات اور بجلی کے کھمبے گر گئے ہیں۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 1.2 میٹر یعنی چار فٹ اونچی لہریں وجیما پورٹ سے ٹکرا گئی ہیں۔ مزید پڑھیں https://sunonews.tv/04/01/2023/latest/11287/ اشیکاوا صوبے میں 32 ہزار 500 گھروں کی بجلی کاٹ دی گئی ہے۔ کیوڈو نیوز ایجنسی نے مقامی انتظامیہ کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ جاپان کی سب سے بڑی نیوکلیئر پاور آپریٹر کنسائی الیکٹرک نے کہا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں جوہری پلانٹس میں حالات معمول پر ہیں۔ NHK فوٹیج میں اسکاوا صوبے کے ساحلی علاقے بری طرح لرزتے نظر آ رہے ہیں۔ زلزلے کے فوری بعد ٹوکیو اور اسکاوا پریفیکچر کے درمیان بلٹ ٹرین کا آپریشن روک دیا گیا۔ جاپان میں اب تک کا سب سے تباہ کن زلزلہ 2011 میں آیا تھا۔ زلزلے کی شدت نو اعشاریہ نو تھی۔ اس میں 18 ہزار لوگ مارے گئے۔ بہت سے شہر نقشے سے مٹ گئے۔ اس زلزلے کی وجہ سے فوکوشیما نیوکلیئر پاور پلانٹ میں لیکیج شروع ہوگئی۔ اس کا اثر آج بھی محسوس ہوتا ہے۔ ان صوبوں کے علاوہ جاپان نے ملک کے دیگر کئی صوبوں میں بھی زلزلے کی وارننگ دی ہے۔ اسکاوا، نیگتا، ناگانو اور تویاما میں بھی زلزلے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ پچھلے تین سالوں کے دوران وسطی جاپان میں 3.6 سے 7.6 تک شدت کے کئی زلزلے آئے ہیں۔