بغداد میں امریکی سفارتخانے پر میزائل حملہ
Image

بغداد: (سنو نیوز) بغداد میں امریکی سفارت خانے کو 10 سے زائد راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم ممکنہ جانی نقصان کی کوئی رپورٹ شائع نہیں کی گئی۔

امریکی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس واقعے میں ایران سے منسلک ایک عسکریت پسند گروپ ملوث ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک راکٹ سفارت خانے کے داخلی راستوں میں سے ایک کے قریب گرا اور باقی راکٹ عمارت کے قریب دریا دجلہ میں گرے۔

7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے، امریکہ نے ایران اور اس کے قریبی گروپوں پر 70 سے زیادہ حملوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔ نومبر کے آخر میں کتائب حزب اللہ گروپ کے جنگجوؤں نے عراق میں امریکی الاسد ایئر بیس پر کئی میزائلوں سے حملہ کیا۔

عراق میں جنگجو گروپ "کتاب حزب اللہ"، جو ایران کے قریب ہے، نے کہا ہے کہ خطے میں امریکی افواج پر حملے "دشمن کی توانائی" لینے کے لیے کیے جاتے ہیں۔ خیال رہے کہ اکتوبر 2023ء کے اوائل میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد عراقی دارالحکومت میں امریکی سفارت خانے کے خلاف یہ پہلا مبینہ حملہ ہے، جس سے علاقائی کشیدگی اور وسیع تر تنازعے کا خدشہ ہے۔

اکتوبر کے وسط سے عراق کے ساتھ ساتھ شام میں بھی امریکی یا اتحادی افواج کے خلاف ایران نواز گروپوں کی طرف سے درجنوں راکٹ یا ڈرون حملے ہو چکے ہیں۔ عراق میں تقریباً 2500 اور شام میں 900 کے قریب امریکی فوجی موجود ہیں۔

امریکی سیکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ صبح تقریباً 4:20 بجے (0120 GMT) "امریکی سفارت خانے کو نشانہ بنانے والے تین کاتیوشا راکٹ گرین زون کے قریب دریا دجلہ کے قریب گرے۔"

امریکی اہلکار نے کہا: "ہم ابھی تک ہلاکتوں اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان اور حملے کی نوعیت کے بارے میں بھی سرکاری رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔"گذشتہ ہفتے اسرائیل اور ایران کی حمایت یافتہ حماس کے درمیان جنگ میں سات دن کے وقفے کے خاتمے کے بعد، ایران نواز گروپوں نے امریکی اور اتحادی افواج کے خلاف اپنے حملے دوبارہ شروع کر دیے ہیں، اور اسرائیل کے لیے واشنگٹن کی حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اپنے اقدامات کا جواز پیش کیا ہے۔