دہشتگردی خطرات کی وجہ سے الیکشن ملتوی نہیں کئے جا سکتے: رانا ثناء اللہ
Image

لاہور: (سنو نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنمارانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملک جن حالات میں گھرا ہوا ہے ، قومی حکومت بنے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ اکیس اکتوبر کو مینار پاکستان پر کہا گیا چالیس سال کی سیاست کا نچوڑ ہے کہ سب مل کر چلیں گے تب ہی ملک کو بحران سے باہر نکال سکیں گے۔

رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان کے امیدواروں کے انٹرویو ہوئے ہیں جہاں اختلاف تھا اسے بیٹھ کر سب کمیٹی تشکیل دیدی ہے ۔ مظفر گڑھ ، لیہ اور کوٹ ادو کے معاملات حل کئے جا رہے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان سے بھی مضبوط و فاتح امیدوار سامنے لا رہے ہیں

لیگی رہنما نے کہا کہ ن لیگ ڈیرہ غازی سے 15 قومی و30 صوبائی سیٹوں سے جیتے گی۔ چودہ یا پندرہ دسمبر تک ٹکٹیں فائنل کر لیں گے۔ نام مکمل ہیں، شیڈول کے ساتھ ہی امیدواروں کو فائنل کر لیں گے۔ دہشت گردی کے خطرات تو ہیں لیکن اس کی وجہ سے الیکشن ملتوی نہیں کئے جا سکتے۔ فورسز کی ذمہ داری ہے دہشت گردی کا قلع قمع کرکے لوگوں کا تحفظ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان پندرہ سولہ، دسمبر تک ہو جائے تو بہتر ہوگا۔ اگر کسی کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے انہیں چاہیے وہ عدالتوں سے ریلیف حاصل کریں۔ اگر کسی نے جرم کیا ، مقدمہ میں گرفتار کیا جا رہا ہے تو لیول پلیئنگ فیلڈ کا کوئی جواز نہیں ہے۔ بلاول بھٹو کو پتہ ہے ٹک ٹاک اور گیٹ نمبر چار کی سیاست کون کرتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/18/11/2023/pakistan/54911/

انہوں نے کہا کہ الیکشن الائنس کسی سے نہیں کررہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔ ہر حلقہ کلیئر ہے، کہیں کوئی ابہام نہیں ہے۔ ن لیگ الیکشن جیتنے جا رہی ہے، سوشل میڈیا پر صرف پروپیگنڈ ہ ہو رہا ہے۔ الیکشن مہم میں دس دن میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔ پاکستان مسلم لیگ ن اکثریت حاصل کرنے جا رہی ہے۔ پنجاب سے 100 سے زائد سیٹیں جیتیں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ نومبر 2023ء میں بھی ایک بیان میںرانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ کسی ایک جماعت کی حکومت نہیں بننے جا رہی، پنجاب میں 120 یا 125 سیٹیں حاصل کریں گے، جنوبی پنجاب کے 46 میں سے 35 حلقوں میں جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی شیڈول جاری ہوا انتخابی مہم کا سلسلہ شروع کریں گے، بلاول بھٹو صرف تنقید کر رہے ہیں، حل نہیں بتا رہے، ہم تنقید کا برا نہیں مناتے، ہمت اور جرات کے ساتھ جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا، ہم نے وہ نہیں کیا جو آج کل سیاست میں ہو رہا ہے۔

رانا ثنا ء اللہ کا کہنا تھا کہ اکثریت کس کو ملے گی، اس کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے، ایک ایسی قیادت سامنے آئے جو ملک کو بحران سے نکال سکے، گزشتہ 4 سال میں اپوزیشن کو کہا گیا چھوڑوں کا نہیں، جنوبی پنجاب کے دیگر 10 کے قریب حلقوں میں پوزیشن تھوڑی سی کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے 9 مئی کو کچھ کیا ہے تو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، تنقید کا برا نہیں مناتے لیکن ایک حد تک ہونی چاہیئے۔