پنجاب میں سیاسی تبدیلی پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف
Image

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پنجاب میں مرکز کی طرز پر آئینی طور پر کوئی سیاسی تبدیلی آتی ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔ آڈیو لیک نے عمران خان کی سازش کا بیانیہ، سارا ڈرامہ اور جھوٹ بے نقاب کر دیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہر کسی کو قانون کا احترام کرنا چاہیے۔ آج بھی قانون کا احترام کرتے ہوئے عدالت کے سامنے پیش ہوا ہوں۔ نیب عدالت نے نواز شریف کو متعدد بار طلب کیا۔ نواز شریف عدالت پیش ہوتے تھے، کبھی این آر او نہیں مانگا۔ ہمارے خاندان نے کئی بار انتقامی کارروائیوں کا سامنا کیا۔ نیب کے عقوبت خانوں میں ہم نے ظلم برداشت کیا۔

ایک سوال میں وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح قومی اسمبلی میں آئینی طور پر تبدیلی آئی تھی ‘پنجاب میں بھی اگر آئینی طور پر صوبائی حکومت کی تبدیلی ہوتی ہے تو اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے عمران خان جیسا جھوٹا، فراڈیا اور دھوکے باز شخص پوری زندگی میں نہیں دیکھا۔

اے پی پی نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ آڈیو لیک میں عمران خان اعتراف کر رہا ہے کہ میں نے پانچ بندے خریدے، عمران نیازی وزیر اعظم ہاوس میں بولی لگا تارہا ہے اور ووٹ کی خریدوفروخت کر رہا تھا انہوں نے کہا کہ عمران خان نےجو5ووٹ خریدے ان کیلئے پیسہ کہاں سے آیا، محمدشہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کا سارا ڈرامہ بے نقاب ہوچکا، آڈیو میں انہوں نے خود پانچ بندے خریدنے کا اعتراف کیا، سازش کا جھوٹا بیانیہ گھڑا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کہتے تھے جو ضمیر فروشی کرے اس کے بچوں سے کوئی شادی نہیں کرے گا،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے امریکا سمیت دوست ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات متاثر ہوئے۔عمران خان کی سوچ نے دنیا میں پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچایا۔انہوں نےکہا کہ عمران نیازی کے ایسے رویے نے پاکستان کو برباد کیا، معاشی نقصان پہنچایا۔ہمیں پاکستان کو بچانا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان الزام لگاتے رہے ہیں کہ مریم نواز اور نوازشریف نے این آر او لیا، مریم نواز کو تو عدالت نے میرٹ پر بری کیا۔عمران خان کی جانب سے مریم نواز پر این آر او لینے کاالزام قابل مذمت ہے،مریم نواز میرٹ پر بری ہوئی ہیں ۔شہباز شریف نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی،سعد رفیق،احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ نے جرات سے جیلیں کاٹیں اور دیگر رہنمائوں نے بھی ہر ظلم برداشت کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی قیادت کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا جبکہ علیمہ خان کو این آر او میں نے تو نہیں دلوایا عمران خان کی حکومت میں کلین چٹ دی گئی جبکہ فرح خان کو بھی این آر او میں نے نہیں دلوایا’ فرح گوگی کو کچھ عرصہ پہلے پنجاب حکومت نے کلین چٹ دی ۔چیئرمین پی ٹی آئی کو قوم کو جواب دینا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان بتائیں علیمہ خان کو دبئی اور امریکا میں اثاثے چھپانے پر این آر او کس نے دیا،عمران نیازی اپنے دور میں دیئے گئے این آر اوز کا حساب دیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بی آر ٹی جس میں کئی سو ارب روپے کا گھپلا ہوا،تحقیقات ہوتی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور میں ثابت ہوچکا کہ اربوں کی کرپشن ہوئی۔حقائق سے ثابت کر چکا ہوں کہ عمران خان غلط بیانی سے کام لیتے ہیں،جب بھی آرڈر دیا جاتا عمران خان مختلف عدالتوں سے سٹے لیتے رہے۔عمران خان الزام لگاتے رہے کہ موجودہ حکومت بیرونی ساز باز سے آئی، اب حقائق عوام کے سامنے آچکے ہیں کہ یہ سب عمران نیازی کا جھوٹ اور ڈرامہ تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں پاکستان کے امریکا سے تعلقات خراب کئے گئے، دن رات جھوٹ بولا گیا، آڈیو لیک میں کہا گیا میر جعفر اور میر صادق کا پروپیگنڈا کرو۔انہوں نے پاکستان کو دنیا میں رسوا کردیا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں یہ سوال کرتا ہوں کہ 56 کمپنیوں اور کرپشن کی باتیں کہاں گئیں؟ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا اورلوڈشیڈنگ ختم ہوئی ۔نواز شریف کے دور میں پاکستان نے ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معیشت کو تباہ کیا جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت ملک کی معیشت ہچکولے کھا رہی تھی لیکن اللہ تعالی کے فضل سے پی ڈی ایم کی حکومت نے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور درست سمت میں گامزن کیا ۔انہوں نےکہا کہ ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نےدن رات جھوٹ بولا۔ انہوں نے کہا کہ کہاں ریاست مدینہ کہاں ہم خطا کار،ہم ریاست مدینہ کی ہلکی سی جھلک بھی لے آئے تو ملک بہتر ہوجائے گا۔قوم کی ایک ایک پائی عوام کی بھلائی کیلئے خرچ ہوگی ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی اپنے دور میں دیئے گئے این آ ر اوز کا حساب دیں،نواز شریف عدالت میں پیش ہوتے تھے لیکن انہوں نے کبھی این آ ر اوز نہیں مانگا، عمران نیازی تم لیک آڈیو میں خود اس بات کا اعتراف کر رہے ہو کہ تم نے جو پانچ ووٹ خریدے ہیں اس میں تم نے ضمیر فروشی کی ہے،عمران خان نے جو 5 ووٹ خریدے اس کیلئے اس کے پاس پیسے کہاں سے آ ئے،علیمہ خان کو د بئی اور امریکہ میں اثاثے چھپا نے پر کس نے این آ ر او دیا، عمران خان کا سارا ڈرامہ اور جھوٹ بے نقاب ہو چکا ہے، عمران خان کو ہمارے خلاف پانامہ پراپیگنڈے کا حساب دینا ہوگا،بی آ ر ٹی پشاور منصوبے میں کئی قسم کی بے ضابطگیاں کی گئیں، نیب کے عقوبت خانوں میں ہمارے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کے سینئر رہنمائوں نے بہت ظلم برداشت کیا، ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نے دن رات جھوٹ بولا ،ملک میں ہر کسی کو قانون کا احترام کرنا چاہئے،میں آج بھی قانون کا احترام کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہوا ہوں۔