وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
Image
ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ اینٹی کرپشننے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق رانا ثناء اللہ کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری ہوئے۔ رانا ثناء اللہ کے بلا ضمانت وارنٹ مقدمہ نمبر 20/19 میں جاری ہوئے ۔ نمائندہ سنو ٹی وی کے مطابق رانا ثنااللہ کی گرفتاری کے لئے پنجاب پولیس کچھ دیر میں تھانہ کوہسار پہنچے گی، اور ضابطے کے مطابق مقامی پولیس کو اطلاع دی جائے گی۔ ضابطے کے مطابق مقامی پولیس کو اطلاع دیکر باقاعدہ رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔ حکام محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ پر کلر کہار میں نجی سوسائٹی کے 2 پلاٹس بطور رشوت لینے کا الزام ہے۔ رانا ثناء اللہ کہتے ہیں یہ پلاٹس مجھے تحفے میں ملے تاہم رانا ثناء اللہ مسلسل تحقیقات کےلئے پیش نہیں ہورہے تھے اس لئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔ وزیر داخلہ پنجاب راجہ بشارت کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ عدالت کے حکم پر راولپنڈی پولیس عدالتی احکامات کی تعمیل کرے گی۔ اگر رانا ثنا اللہ خان کی گرفتاری نہیں ہوتی تو عدالت کو آگاہ کریں گے۔ مزید ایکشن عدالتی حکم پر لیا جائے گا۔