عمران خان اور ہمارا اتحاد انشاء اللہ قائم رہے گا: چودھری وجاہت حسین
Image

مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری وجاہت حسین نے کہا ہے کہ اپنی جماعت کی شناخت اور عمران اتحاد کو قائم رکھنے کیلئے ہم نے مل کر آگے بڑھنا ہے۔ ہمارا اتحاد انشاء اللہ قائم رہے گا۔

یہ بات انہوں نے مسلم لیگ (ق) راولپنڈی کے تنظیمی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی تمام تحصیلوں میں پاکستان مسلم لیگ کی تنظیموں کو مزید فعال بنائیں گے۔

چودھری وجاہت حسین نے کہا کہ جو سمجھتے ہیں کہ عمران خان اور پرویزالٰہی کے آپس میں اچھے روابط نہیں تو یہ ان کی بھول ہے۔ ایسے لوگوں کو عنقریب حلقے سے جوتے پڑیں گے اور ان کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ جن لوگوں کیلئے ہم نے قربانیاں دیں انہوں نے ہی مسلم لیگ کا بیڑا غرق کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما چودھری حسین الٰہی کا کہنا تھا کہ ہم ملک، صوبے اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی جب بھی صوبے میں ڈیلیور کرنے کا سوچتے ہیں تو مرکز سے رکاوٹیں کھڑی کر دی جاتی ہیں۔ امپورٹڈ حکومت کو عوام کے درد کی کوئی پروا نہیں۔

چودھری حسین الٰہی نے کہا کہ مریم صفدر کہتی تھیں کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے دل خون کے آنسو روتا ہے لیکن بند کمروں میں شہباز شریف کو کہتی رہیں کہ پیٹرول کی قیمت بڑھا دیں۔ اب مریم صفدر کا عوام کیلئے درد کہاں گیا؟۔

انہوں نے کہا کہ اتنے زیادہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ یہ لوگ اقتدار میں ہوں تو مزے لوٹتے ہیں اور اقتدار میں نہ ہوں تو لندن بھاگ جاتے ہیں۔ پیپلز پارٹی والے ایسے شخص کو وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں جسے یہ نہیں پتہ کہ انڈے درجن میں بکتے ہیں یا کلو میں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں دے سکتے جو پچھلے تیس سالوں سے ملک اور عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ ان کے کاروبار اور اولاد سب بیرون ملک ہیں۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ ان کے ذاتی سرمایہ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔