کسٹم حکام کی بروقت کارروائی،افغانستان سے پاکستان میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
Image
اسلام آباد: (سنو نیوز) انٹیلی جینس رپورٹ پرکسٹم حکام نے بروقت اور مؤثر کاروائی کرتے ہوئے افغانستان سے بڑے پیمانے پر پاکستان میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ طورخم بارڈر پر افغانستان سے آنے والے کوئلہ کے کنٹینر کی چیکنگ کے دوران کسٹم حکام نے بھاری تعداد میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔اسلحہ کا ذخیرہ کنٹینر کے خفیہ خانوں میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔کسٹم حکام نے اسلحہ برآمد کر کے کنٹینر کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ افغانی ڈرائیور کو قانونی کاروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔برآمد ہونے والے اسلحے میں روسی اور ترکیہ ساختہ 12 بور بندوقیں، مختلف ہتھیاروں کے 600 کارتوس اور بھاری مقدار میں بارود شامل ہے۔ پکڑا جانے والا اسلحہ پاکستان دشمن عناصر کی جانب سے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوششوں کا حصہ تھا۔