لاہور:پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کا جھگڑا، گرفتاریاں، کیمپس پل بلاک
Image

لاہور:(سنونیوز) پنجاب یونیورسٹی طلبہ تنظیموں کے مابین سابق رنجش کی وجہ سے  جھگڑے میں متعدد طلبہ زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جھگڑے کا واقعہ ہیلے کالج میں پیش آیا، طلبہ نے ایک دوسرے پر آہنی راڈ استعمال کیے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے  بروقت ایکشن لیتے ہوئے 15 سے زائد طلبہ اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

بعد ازاں جمعیت کے ارکان نے ساتھیوں کی گرفتاری اور ایف آر آئی آر کٹوانے پر کیمپس پل پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اس کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ جمیعت کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ ہمارے پرامن کارکنان کو فی الفور رہا کیا جائے، کارکنان پر تشدد میں ملوث قوم پرست غنڈہ گرد عناصر کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

تاہم پولیس کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی لڑائی جھگڑے کے بعد ہونے والا احتجاج ختم کر دیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملہ رفع دفع کروا دیا،پولیس نے احتجاج ختم کروا کر طالب علموں کو یونیورسٹی کے اندر بھیج دیا،کیمپس پل کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

ایس پی اقبال ٹائون کا کہنا تھاکہ قانون کے مطابق کاروائی کی جارہی ہے ، دونوں پارٹیز کے خلاف قانون کاروائی کی جارہی ہے۔کچھ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور کچھ کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ، احتجاج کرنے والوں نے کچھ ٹائم کیلئے روڈ بلاک کیا تھا ، احتجاج کرنے والوں کو روڈ سے ہٹا دیا گیا،دوبارہ احتجاج کریں گے تو انکے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی ۔