پاکستان شرطیں پوری کرکرکے تھک گیا،آئی ایم ایف سے ڈالرنہ ملے
Image

اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان شرطیں پوری کرکرکے تھک گیا، لیکن آئی ایم ایف سے ڈالر نہ ملے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف میں معاہدہ تاحال طے نہ پاسکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کیساتھ فوری طور پر اسٹاف لیول معاہدے کا کوئی امکان نہیں ہے، پروگرام بحال نہ ہونے سے بجٹ شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

تفصیل کے مطابق پاکستان کا بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کیساتھ پروگرام9 ماہ سے تعطل کا شکار ہے ، لیکن فوری طور پر اسٹاف لیول معاہدہ ہونے کا بھی کوئی امکان نہیں ہے۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ کے ایجنڈے میں 17 مئی تک پاکستان کا اجلاس شیڈول نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام بحال نہ ہونے سے بجٹ شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ آئی ایم ایف پاکستان کی بیرونی فنانسنگ کی یقین دہانی پر بھی تاحال مطمئن نہیں ہے۔ ذرائع کاکہناہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی تک دوست ممالک سے بھی مالی امداد ملنا مشکل ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے 30 جون 2023 ء تک 3.7 ارب ڈالر قرض کی ادائیگی کرنی ہے۔ تاہم آئی ایم ایف کا کہناہے کہ رواں مالی سال کے اختتام سے پہلے زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر تک لائے جائیں اور شرح سود میں بھی مہنگائی کی شرح کے مطابق اضافہ کیاجائے ۔