لاہور: بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر کریک ڈاؤن مہم، پہلے ہفتے 16 ہزار ڈرائیورز کو جرمانہ
Image
لاہور(سنو نیوز) لاہور میں بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر کریک ڈاؤن مہم کے پہلے ہفتے بغیر لائسنس 16 ہزار ڈرائیورز کو جرمانہ کیا گیا۔ لرنر پرمٹ رکھنے والے 60 ہزار سے زائد شہریوں کو وارننگ دی گئی، زائد العمیاد لائسنس پر ڈرائیونگ کرتے 11 ہزار سے زائد شہریوں کو بھی وارننگ دی گئی، ایل ٹی وی لائسنس پر پبلک سروس وہیکلز چلانے پر 911 ڈرائیورز کے خلاف بھی کارروائی ہوئی۔ ایل ٹی وی لائسنس پر ہیوی وہیکل، ٹرالر چلانے پر بھی 410 ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ ایک ہفتے کے دوران 56 ہزار سے زائد شہریوں کو لائسنس سروسز فراہم کیں گئیں، ڈرائیور کے پاس ویلڈ ڈرائیونگ لائسنس ہونا بے حد ضروری ہے۔ سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ کیا جا رہا ہے، لرنر پرمٹ رکھنے والے شہری گاڑی کی اگلی، پچھلی سکرینز پر ایل سائن چسپاں کریں۔ مستنصر فیروز نے کہا کہ شہری صرف اور صرف شناختی کارڈ کے ہمراہ لائسنس دفاتر تشریف لائیں، ڈرائیور کے پاس لائسنس کا ہونا، خود اعتماد ڈرائیونگ کی علامت ہے۔