باجوڑ: پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، 5 افراد جاں بحق
Image

باجوڑ:(سنو نیوز) ضلع باجوڑ میں پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا ہے، دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

ہسپتال ذرائع اورابتدائی اطلاعات کے مطابق 7 ڈیڈ باڈیڈز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لائی گئی ہیں جبکہ 6 زخمیوں کو بھی علاج معالجے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لایا گیا ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بم دھماکہ پولیس وین پر ہوا ہے جس میں پولیس کی بھاری نفری سوار تھی،باجوڑ بم دھماکے میں زخمیوں کے تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے باجوڑ میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئےشہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

وزیراعظم نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی اہلکاروں اور پولیو ورکرز کو سلام پیش کرتی ہے۔ دہشت گردوں کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری رہےگی۔ عوام پولیو ویکسین کے حوالے سے کسی بھی منفی پراپیگنڈے کے دھوکے میں نہ آئیں۔جامعہ الازہر اور دنیا بھر کے علمائے کرام پولیو کے انسداد کے پروگرام کی توثیق کر چکے ہیں۔

اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے ٹانک میں آپریشن کرتے ہوئے ہائی ویلیو ٹارگٹ گل یوسف عرف طور سمیت 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ٹانک میں آپریشن کیا جہاں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ہائی ویلیو ٹارگٹ گل یوسف عرف طور سمیت دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

مزید پڑھیں

https://sunonews.tv/02/01/2024/pakistan/62643/

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد طور ٹانک اور ڈی آئی خان میں دہشتگردانہ حملوں سمیت دہشتگردی کی متعدد کاروائیوں میں ملوث تھا، دہشتگرد کمانڈر شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔ دہشتگرد کمانڈر گل یوسف عرف طور انتہائی مطلوب اور سر کی قیمت 25 لاکھ روپے تھی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ مقامی افراد نے امن اور استحکام کےلئے سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کی تعریف کی ہے، سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔