بھارتی کرکٹر کی فلم “اینیمل “پر شدید تنقید
Image

ممبئی: (ویب ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نے بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور کی فلم “انیمل” پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے فلم دیکھ کر اپنے 3 گھنٹے ضائع کردیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فاسٹ بولر جے دیو اندکٹ نے“انیمل” دیکھنے کے بعدسماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی رائے کے اظہار میں لکھا کہ “فلم انیمل ایک آفت ہے، آج کے دور میں بدگمانی کی تعریف کرنا اور پھر اسے محض ‘روایتی مردانگی’ کا نام دینا ایک رسوائی ہے کیونکہ ہم جنگل یا محلوں میں نہیں رہ رہے اور نہ ہی ہم جنگیں لڑ رہے ہیں”۔

بھارتی فاسٹ بائولر نے مزید کہا کہ “اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اداکاری کتنی اچھی تھی، ہمیں انتقام اور تشدد وغیرہ کو لاکھوں لوگوں کے سامنے اپنی فلموں میں نہیں دکھانا چاہیے”۔اُنہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “مجھے بُرا لگ رہا ہے کہ میں نے اپنے 3 گھنٹے ایک ایسی فلم دیکھنے میں ضائع کر دیے”۔

بھارتی فاسٹ بولر نے فلم کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد اکاوْنٹ سے پوسٹ ڈیلیٹ کردی، تاہم اُن کی پوسٹ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہورہی ہے۔

واضح رہے سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم “انیمل” کی مقبولیت میں جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے تو وہیں فلم کو شدید تنقید کا بھی سامنا ہے کیونکہ فلم میں رنبیر کپور کو ایک انتقامی بیٹے کے طور پر دِکھایا ہے جو اپنے والد کا بدلہ لینے کے لیے ایک خونخوار گینگسٹر بن جاتا ہے اور بےرحمی سے قتل کرتا ہے جبکہ فلم میں جنگ، انتقام اور تشدد سے بھرپور مناظر بھی دِکھائے گئے ہیں۔

دوسری جانب رنبیر کپور کی فلم اینیمل نے ایڈوانس بکنگ میں غدر2، ٹائیگر 3 اور وار کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ فلم نے ریلیز کے پہلے دن دنیا بھر کے باکس آفس پر 116 کروڑ روپے کما لیے ہیں۔

پروڈکشن ہاؤس ٹی سیریز نے X پر لکھاکہ فلم اینیمل تمام ریکارڈ توڑنے آئی ہے۔ فلمی نقاد اورتجزیہ کار ترن آدرش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ فلم اینیمل پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔

ان کے مطابق شاہ رخ خان کی جوان 65.50 کروڑ کے ساتھ پہلے، پٹھان 55 کروڑ کے ساتھ دوسرے نمبر پر، اینیمل 54.75 کروڑ کے ساتھ تیسرے نمبر پر، KGF 2 ہندی 53.95 کروڑ کے ساتھ اور وار 51.60 کروڑ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔اس فلم کے ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا ہیں، جس میں رنبیر کپور کے علاوہ انیل کپور، بوبی دیول، رشمیکا مندنا اور ترپتی ڈمری اہم کرداروں میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/05/12/2023/entertainment/57864/

تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ رنبیر کپور نے ثابت کر دیا کہ ان کا قد اپنے ہم عصر اداکاروں سے بہت زیادہ ہے۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے باکس آفس پر بھی اپنی طاقت دکھائی ہے۔ جو لوگ فلم دیکھنے کے بعد باہر آئے ہیں وہ اس کی تعریف کر رہے ہیں اور فلم کو اچھے ریویوز ملے ہیں۔

رنبیر کپور اینیمل میں ایک بہت بڑی مشین گن کے ساتھ نظر آئے ہیں۔ یہ مشین گن ہاتھ میں نہیں آتی بلکہ گاڑی میں رکھی جاتی ہے۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ مشین گن سی جی آئی/ایفیکٹس سے نہیں بلکہ اصلی سٹیل سے بنائی گئی تھی، اسے بنانے میں تقریباً چار ماہ لگے۔ اس کا وزن تقریباً 500 کلو گرام تھا۔

اینیمل کی کہانی باپ بیٹے کے ایک پیچیدہ رشتے (انیل کپور اور رنبیر کپور) کے گرد گھومتی ہے۔ جس میں بیٹا ایک متشدد نفسیاتی مریض بن جاتا ہے۔ سینما ماہرین کے مطابق اس فلم میں دکھایا گیا باپ بیٹے کا ایسا رشتہ فیروز خان کی 1992 ء میں ریلیز ہونے والی فلم یلغار میں بھی دیکھا گیا تھا، جس میں سنجے دت کا کردار اپنے والد سے محبت کے لیے تڑپتا ہے اور تباہی مچا دیتا ہے۔فلم اینیمل کا رن ٹائم تقریباً 3 گھنٹے 21 منٹ ہے۔ جو اسے اب تک کی طویل ترین ہندوستانی فلموں میں سے ایک بناتی ہے۔

ریشمیکا منڈنا ہیروئن کے کردار میں اینیمل میں ہیں۔ اس سے قبل ہدایت کار نے پرینیتی چوپڑا کو فلم میں کاسٹ کیا تھا۔ پرینیتی نے کہا کہ وہ ایک اور فلم کے ساتھ شیڈول تنازعہ کی وجہ سے یہ فلم نہیں کر سکیں۔ وہیں سندیپ ریڈی ونگا نے کہا کہ پرینیتی کے ساتھ کچھ تیاری کرنے کے بعد انہیں لگا کہ وہ اس کردار میں فٹ نہیں ہوں گی، اس لیے انہوں نے اسے مسترد کر دیا اور رشمیکا کو لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/06/12/2023/entertainment/57979/