لندن میں نواز شریف کے نام پر نامعلوم افراد نے 3 گاڑیاں رجسٹر کرالیں
Image
لندن(سنو نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام پر نامعلوم افراد نے لندن میں تین گاڑیاں رجسٹر کرا لیں، سٹی آف لندن پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔ نواز شریف کے لندن آفس کا کہنا ہے کہ گاڑیاں نواز شریف کے نام پر رجسٹر کرانے کا مقصد جرائم کرکے ان کا تعلق نواز شریف سے جوڑنا ہوسکتا ہے، نواز شریف کے نام پر رجسٹر گاڑیوں کو دہشت گردی، دھوکہ دہی اور مجرمانہ کارروائیوں کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ نواز شریف لندن آفس کے خرم بٹ نے پولیس کو خدشات سے آگاہ کر دیا، معاملہ اس وقت سامنے آیا جب نواز شریف کے نام رجسٹر گاڑی کی تفصیل ڈی وی ایل اے نے ایون فیلڈ ارسال کی، مارچ 2023 میں نواز شریف آفس نے ڈی وی ایل اے کو فراڈ سے متعلق آگاہ کردیا۔ اپریل 2023 میں ایک اور گاڑی نواز شریف کے نام پر رجسٹر کی گئی، نواز شریف کے نام پر تیسری گاڑی کا اس وقت پتہ چلا جب ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کا جرمانہ وصول ہوا۔ خرم بٹ نے کہا کہ چند شرپسند عناصر نواز شریف کا نام اپنے مجرمانہ مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کرکے ہیں، دوسروں کے نام پر گاڑی رجسٹر کرانے والے جلد پکڑے جائیں گے، پولیس کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے سپوٹرز اس فراڈ میں ملوث ہوسکتے ہیں۔