سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا میلہ سج گیا
Image
کراچی(سنو نیوز) سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا میلہ سج گیا، ضمنی انتخابات میں پولنگ صبح 8 سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ سندھ میں ضمنی انتخابات میں مختلف کیٹگریز کی 63 نشستوں پر انتخابات ہونگے، کراچی ڈویژن کی یو سی چیئرمین وائس چیئرمین کی 11 اور وارڈ ممبر کی 15 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ ضلع وسطی میں یو سی 4 نیو کراچی، یو سی 6 نارتھ ناظم آباد، یو سی 13 نیو کراچی میں انتخابی معرکہ ہوگا، ضلع کورنگی میں یو سی 2 کورنگی، یو سی 3 شاہ لطیف ٹائون، یو سی 8 لانڈھی میں شہری اپنے نمائندے منتخب کریں گے۔ ضلع غربی میں یو سی 1 اورنگی، یو سی 2 اورنگی، یو سی 8 مومن آباد میں مختلف جماعتوں کے درمیان مقابلہ ہوگا، ضلع جنوبی میں یو سی 2 بہار کالونی لیاری اور ضلع کیماڑی میں یو سی 2 بلدیہ میں چیئرمین وائس چیئرمین کی مشترکہ نشست پر پولنگ ہوگی۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 449 پولنگ اسٹیشنز اور 1586 پولنگ بوتھس بنائے گئے ہیں، ضمنی انتخابات میں ایک بھی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں ہے، 292 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 157 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں 434 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 90 ہزار 295 ہے۔