بادشاہ چارلس سوئم کی تاجپوشی ،وزیراعظم کی شرکت،عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں
Image

لندن:(سنونیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لندن میں بادشاہ چارلس سوئم کی ہونے والی تاج پوشی کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

تفصیلات کے مطابق70 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی برطانوی بادشاہ کی رسمِ تاجپوشی منائی جا رہی ہے۔ اس سے قبل بادشاہ چارلس کی والدہ آہنجانی ملکہ الزبتھ دوم 1953 میں تخت پر براجمان ہوئی تھیں۔ بادشا ہ چارلس کی تاج پوشی کے موقع پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے بادشاہ کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

اس سے قبل وزیر اعظم نے لندن میں دولت مشترکہ سیکرٹریٹ میں دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے ایک اجتماع میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نئے بادشاہ، جو دولت مشترکہ کے سربراہ بھی ہیں، کے تختِ برطانیہ پر بیٹھنے سے اس کثیرالجہتی فورم کے لیے نئے مواقع اور نئی راہیں کھلی ہیں اور اس تنظیم کو نئی روح اور نئے مقصد کا احساس ملا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کامن ویلتھ پارٹنرشپ، خاص طور پر نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر، انہوں نے متعدد عالمی اور دولت مشترکہ کے رہنماؤں سے بات چیت کی جن میں برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک اور سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ شامل ہیں۔

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہری اور پائیدار دوستی ہے جس کی بنیاد تاریخی وابستگی ہے اور لوگوں کے لوگوں کے درمیان تعلقات قائم ہیں۔ تاجپوشی میں وزیر اعظم کی شرکت دونوں دوست ممالک کے درمیان ان پائیدار اور کثیر جہتی تعلقات اور شاہی خاندان کی پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ دیرینہ وابستگی کی بھی عکاسی کرتی ہے۔