چین ہر معاملے میں پاکستان کی مدد کرے گا:چینی وزیر خارجہ
Image

اسلام آباد:(سنو نیوز)چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری کرنے کا خواہاں ہے، چین ہر معاملے میں پاکستان کی بھرپور طریقے سے مدد کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق چینی وزیر خارجہ چن گانگ جو پاکستان کے دورے پر ہیں، انہوں نے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کی جس میں انہوں نے پاک چین تعلقات اور دونوں ممالک میں ہونے والے تعاون پر تفصیلی گفتگو کی۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کو 70 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان نہایت اہم منصوبہ ہے۔ سی پیک کو فائدہ مند بنانے کے لیے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ پاکستان اور چین کے درمیان تذویراتی شراکت داری انتہائی اہم ہے۔

چن گانگ نے نیوز کانفرنس میں مزید کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ کے ساتھ اسٹرٹیجک ڈائیلا گ ہوئے، مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اور اور دیگر معاملات زیرغور آئے۔ چین دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہتا ہے۔ پاکستان میں چینی انجینئرز کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے بلاول بھٹو نے یقین دہانی کروائی ہے۔ یہ میرا پاکستان کا پہلا دورہ ہے، پاکستان نے تاریخی میزبانی کی۔

اس موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت اوردلچسپی کا اہم رشتہ ہے۔ پاکستان سی پیک منصوبے پر قائم ہے۔ ہم ہائی کوالٹی ڈویلپمنٹ کے خواہاں ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان اورچین دہائیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، چینی مصنوعات کو پاکستانی منڈیوں تک رسائی دی جائے گی۔