موٹرسائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ،ایک شخص جاں بحق
Image

لاہور:(سنونیوز)لاہور میں مناواں کے علاقے میں موٹر سائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ ، فائرنگ سے گاڑی میں سوار شخص جاں بحق۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ملک وزیر کے نام سے ہوئی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دیا گیا۔قتل ہونے والے نوجوان کے اہلخانہ نے شدید احتجاج کیا،مظاہرین نے مناواں روڈ کو دونوں اطراف سے بند کردیا۔

احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام بر ی طرح متاثرہوا،شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ٹریفک پولیس نے ٹریفک بحال رکھنے کے لیے ڈائیورشنز لگا دی۔

گذشتہ ماہ شیخوپورہ کے علاقے صدر میں نامعلوم حملہ آوروں نے گھر میں فائرنگ کرکے خاندان کے 4 افراد کو قتل کر دیا۔

پولیس تحقیقات کے مطابق واقعہ خاتون کی دوسری شادی کرنے پر پیش آیا، زخمی خاتون نے حال ہی میں بشارت کے ساتھ دوسری شادی کی تھی جس کی رنجش پر ملزمان نے فائرنگ کی، متاثرہ خاندان تین سال قبل سمندری سے جھبراں منتقل ہوا۔

پولیس کے مطابق خاندان کے 3 افراد گھر میں موجود نہ ہونے کے باعث بچ گئے جبکہ تاحال فائرنگ کرنے والا کوئی بھی ملزم گرفتار نہ ہو سکا۔جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین، بزرگ شخص اور بچہ شامل ہے جن کی شناخت شاہ محمد، اشرف بی بی، کرن شہزاد اور روف کی نام کے نام سے ہوئی۔

ڈی پی او زاہد نواز مروت کے مطابق قتل کی پس پردہ وجوہات کے بارے میں کہنا تاحال قبل ازوقت ہے، فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔

دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 4 افراد کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ کو واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش اور ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/05/02/2024/latest/68062/

دوسری جانب لاہور پولیس نے شہر میں اندھے قتل کی تین سفاک اور گھنائونی وارداتوں میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیل کے مطابق لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں خاتون کے اندھے قتل کی سنگین واردات میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم عمران نے مقتولہ خاتون تسلیم بی بی عرف سونیا کو قتل کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم اور مقتولہ آئس کا نشہ کرتے تھےاور 31دسمبر کی رات نیو ایئرنائٹ منانے کے لیے اکھٹے ہوئے۔ رات بھر آئس کا نشہ کرنے کے بعدباہمی رضا مندی سے غیر اخلاقی فعل کے دوران دونوں میں جھگڑا ہوا، اس دوران مقتولہ نے چھری کا وار کر کے عمران کو زخمی کر دیا۔ بعد ازاں ملزم عمران نے بھی حملہ کیا اور اینٹ کے پے در پے وار کر کے تسلیم بی بی کو قتل کر دیا۔تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ سنگین واردات کے بعد ملزم نے جرم چھپانے کے لیے مقتولہ پر کمبل ڈال کر سلنڈر پاس کر کے آگ لگا دی تھی۔

دوسری جانب شہری جاوید اختر کے اندھے قتل میں ملوث بیوی کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتارملزمان میں مقتول کی بیوی بلقیس اور اس کا سابقہ شوہر شمس رسول، خدیجہ اور عبدالرحمن شامل ہیں۔

ملزمہ بلقیس نے اپنے سابقہ شوہر سے مل کر پلاٹ اور بینک بیلنس ہتھیانے کے لیے اپنے موجودہ شوہر کو قتل کیا۔ ملزمہ نے سابقہ شوہر اور ساتھیوں کے ہمراہ چھریوں کے وارکر کے جاوید اختر کو قتل کیا تھا۔ ملزمہ بلقیس نے وقوعہ کو واردات کا رنگ دینے کے لیے شوہر کا پرس بھی ملزمان کو دے دیا تھا۔ ملزمہ بلقیس اور اس کا سابقہ شوہر شمس رسول مقتول جاوید کی جائیداد مل جانے کے بعد دوبارہ شادی کرنا چاہتے تھے۔

جبکہ پولیس نے ایک اور کیس میں خاتون کے اندھے قتل میں ملوث 2ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان محتشم اور محمد علی کی ہوٹل پر کھانا کھانے کے بعد عملے سے لڑائی جھگڑا ہوا تھا۔ ملزمان نے اگلے روز اپنی لڑائی کا بدلہ لینے کے لیے ہوٹل پر فائرنگ کی۔اس روز شہری عنایت اپنی والدہ زینب بی بی کے ہمراہ ہوٹل پر کھانا کھانے آیاہوا تھا ۔ فائرنگ سے مقتولہ زینب بی بی شدید زخمی ہو گئی، جس کو جناح ہسپتال لے جایا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکی ۔ ملزمان محتشم اور محمد علی کوسیف سٹی کیمروں کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔