شناختی کارڈ اور ب فارم بنوانے کا آسان طریقہ متعارف
Image
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی طرف سے عوام کی سہولت کے لیے بچوں کے (ب) فارم تیار کرنے کیلئے آسان ترین طریقہ متعارف کرواتے ہوئے گائیڈ لائنز جاری کر دی گئیں۔ نادرا کے آفیشل ایکس (ٹوئٹر) اکائونٹ سے کم عمر بچوں کے ب فارم تیار کروانے کیلئے آسان ترین طریقہ کار متعارف کرواتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ والدین میں سے کوئی ایک یا عدالت کی طرف سے متعین کیا گیا سرپرست (گارڈین) بچے کے کمپیوٹرائزڈ پیدائش سرٹیفکیٹ کے ساتھ نادرا سنٹر آئیں۔ نادرا کے مطابق اگر بچے کے دونوں والدین موجود ہوں تو ایک درخواست دہندہ اور دوسرا تصدیق کنندہ کے طور پر فارم بھرے گا۔ والدین میں سے صرف ایک موجود ہو تو کسی عوامی نمائندے (ایم پی اے، ایم این اے، بلدیاتی اداروں کے عہدیدار وارکان) یا گزیٹڈ آفیسر سے درخواست فارم کی تصدیق کروانا پڑے گی۔ نادرا کی طرف سے جاری گائیڈ لائنز کے مطابق شناختی کارڈ کے لیے بچے کا موجود ہونا لازمی ہے اور بچے کی تصویر کے ساتھ 10 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے فنگر پرنٹس بھی لیے جائیں گے۔ یونین کونسل دفتر میں بچے کا کمپیوٹرائزڈ پیدائش کے سرٹیفکیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں سکول سرٹیفکیٹ یا یونین کونسل کا مینوئل پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی قابل قبول تصور ہوگا۔ نادرا کی طرف سے شہریوں کو مزید معلومات اور درکار رہنمائی کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے ہیلپ لائن نمبر 051111786100 بھی جاری کیا گیا ہے جبکہ موبائل صارفین مطلوبہ معلومات اور درست رہنمائی حاصل کرنے کیلئے نادرا کے نمبر 1777 یا آفیشل ویب سائٹ https://nadra.gov.pk پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔