کوئی بھی اداروں میں تصادم نہیں چاہتا: وزیر ریلوے سعد رفیق
Image
اسلام آباد:(سنو نیوز) خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کوئی بھی اداروں میں تصادم نہیں چاہتا، مذاکرات کے ذریعے ہی سیاسی بحران کا حل نکالاجا سکتا ہے، آئین نوے دن کے ساتھ شفافیت کا بھی تقاضہ کرتا ہے، سیاسی مسائل کا حل سیاستدانوں کو نکالنا چاہئیں۔ وفاقی وزیر ریلوے و رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں ہم نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ سیاسی مسائل سیاستدان حل کریں، عدالت کو نہ الجھایا جائے، تحریک انصاف کیساتھ اتفاق ہوا انتخابی نتائج سب تسلیم کریں گے، تاریخ پہ اتفاق نہیں ہو سکا، خاموشی سے جو رابطے ہوئے ہیں اس دوران دوستانہ ماحول میں بات چیت ہوئی۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 2017 سے جو عدالتوں نے انصاف نہیں کیا یہ سب اس کا نتیجہ ہے، ہماری جو بات چیت ہوئی ہے ہم کافی قریب آئے ہیں، بے نظیر بھٹو کی شہادت اور سیلاب کے موقع پر انتخابات ملتوی یا تاخیر کا شکار ہوئے، ہم نے بامعنی مذاکرات کئیے ہیں، ہم آئینی مدت سے آگے نہیں جائیں گے، لیکن معاشی بحران کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کیا جلدی ہے، کیا وہ ملکی مفاد کی خاظر صبر نہیں کر سکتے، ہم نے لچک دکھائی ہے، ہم پہ الزام لگا ہے، گالیوں کا نشانہ بنے ہیں، یہ نہیں ہو سکتا آپ روز استعفیٰ دیں اور ہم آپ کی نشستوں کی حفاظت کریں، بلوچستان اور سندھ کی اسمبلیوں کو کیسے کہیں وہ اسمبلیوں کو تحلیل کریں۔