عوام کے لیے بڑا ریلیف،روسی خام تیل 24 مئی کو کراچی پہنچے گا
Image

کراچی :(سنونیوز) روس سے خام تیل کا پہلا آئل ٹینکر 24 مئی کو کراچی کی بندرگاہ پر پہنچنے گا، تیل کی ریفائننگ کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ روس سے خام آئل کی درآمد پاکستان اسٹیٹ آئل کرے گا روس سے ابتدائی طور پر ایک لاکھ میٹرک ٹن سستا خام تیل درآمد کیا گیا ہے روسی خام تیل کی ریفائنگ کے انتظامات پاک عرب ریفائنری میں کیے گئے ہیں ۔

ذرائع نے بتایا کہ پیٹرول کی اصل قیمت کا تعین پیٹرول کے معیار اور ریفائنگ لاگت طے کرنے کے بعد ممکن ہو گا، روسی خام تیل سے عرب خام تیل کے مقابلے میں کم پیٹرول اورزیادہ فرنس آئل حاصل ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک میں پٹرول کی ماہانہ کھپت 6 سے7 لاکھ میٹرک ٹن ہے جبکہ روس سے 1 لاکھ میٹرک ٹن ماہانہ ہے، حکام نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ روس سے درآمد کردہ خام تیل سے پٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان نہیں ، عوام کو ریلیف اسی صورت میں ملے گا اگر روسی خام تیل عالمی منڈی سے 30 فیصد سستا ملے ۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے کم از کم تین لاکھ میٹرک ٹن خام تیل ماہانہ روس سے درآمد کرنا ہو گا ۔

پٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ روس کو خام تیل کی ادائیگی روسی ، چینی یا متحدہ عرب امارات کی کرنسی میں کی جا سکتی ہے، ادائیگی کا طریقہ کار اور کرنسی کا تعین اسٹیٹ بینک کرے گا۔