اچھرہ: گھر میں آگ لگ گئی، حادثے میں 4 بچے جاں بحق
Image
لاہور: (سنو نیوز) لاہور کے علاقہ اچھرہ میں عمارت کی پانچویں منزل پر لگی آگ کے بے رحم شعلوں نے ایک ہی گھر کے چار چراغ گل کر دیئے۔ غریب خاندان فائبر گلاس سے تعمیر کمرے میں رہائش پذیر تھا۔ سلینڈر سے آگ بھڑکی اور سب کچھ راکھ کر دیا۔ تندور پر کام کرنے والے عباس کا اپنا گھر سُلگتا تندور بن گیا۔ لیکن اس میں جلنے والی لکڑیاں نہیں بلکہ اس کے چار معصوم بچے تھے جو ایک عمارت کی پانچویں منزل پر فائبر سے بنے کمرے میں رہائش پذیر تھے۔ 12 سالہ ایمان فاطمہ، 8 سالہ نور فاطمہ، 5 سالہ ابراہیم اور 2 سالہ اسماعیل آگ کے شعلوں کی نذر ہوگئے۔ چند منٹوں میں چار بچوں کی موت دیکھ کر دکھیاری ماں کا کلیجہ منہ کو آگیا۔ آنکھیں پتھرا گئیں۔ علاقہ غم میں ڈوب گیا۔ عباس جب گھر پہنچا تو اُس کی دنیا اجڑ چکی تھی۔ جان سے پیارے بچوں کی موت پر آنسو بہانے کے سوا کوئی چارا نہ رہا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران بھی موقع پر پہنچے اور دلخراش واقعہ کی وجوہات کا تعین کرنے کا اعلان کیا۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ اچھرہ کے متعدد حصوں میں سوئی گیس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ایل پی جی استعمال کرنا پڑتی ہے۔ جس سے اکثر آتشزدگی کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔