سیکیورٹی کی وجہ سے الیکشن ملتوی ہوئے تو کبھی نہیں ہونگے: سینیٹر افنان اللہ
Image

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات اگر سیکیورٹی کی وجہ سے ملتوی کیے گئے تو پھر کبھی نہیں ہوں گے، ملک میں الیکشن کا انعقاد ہر صورت ہونا چاہیے۔

سینیٹ میں عام انتخابات کو ملتوی کرانے کے حوالے سے قرارداد کی منظوری کے بعداپنے خطاب میں سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ میں شہیدوں کا احترام کرتا ہوں، میں اپنے قابل عزت ساتھیوں اور کسی کی دل آزاری نہیں کرنا چاہتا، یہ بھی بالکل نہیں چاہتا کہ کسی دھماکے میں معصوم جانیں چلی جائیںلیکن ہمارے ملک پاکستان کا ایک سسٹم ہے اور وہ اس کے تحت ہی چل سکتا ہے۔

یاد رہے کہ سینٹ آف پاکستان میں 8 فروری 2024ءکو ہونے والے عام انتخابات معطل کرنے کے حوالے سے قرارداد منظور کر لی گئی ہے، سینیٹر افنان اللہ خان نے اس قراردار کی مخالفت نے کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/05/01/2024/latest/63067/

سینیٹرافنان اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں جو تجربے کئے، اس کے نتیجے میں باسٹھ ہزار ارب کے قرضے چڑھ چکے ہیں، تو یہ کہہ دینا کہ باسٹھ ہزار ارب کا قرضہ ایک سو چونتیس ہزار ارب ہوجائے گا، اس لئے انتخابات ملتوی ہونے چاہیں تو کیا پچھلے چھ مہینوں میںملک کے قرضے نہیں بڑھے؟ یا آپ حضرات نے یہ لکھ کہ دے دیا ہے کہ قرض نہیں بڑھایا جائے گا؟

ان کا کہنا تھا کہ کیا ہم کوئی بزدل قوم ہیں؟ جہاں تک عام انتخابات کی تاریخ کی بات ہے تو فروری 2008 ء میں الیکشن ہوا، 1997 ء فروری میں الیکشن ہوا، 1970 ء دسمبر میں الیکشن ہوا، مارچ 1977 ء میں بھی الیکشن ہوا تو یہ سب موسم سرما میں ہوئے تھے۔ دوسری جنگ عظیم میں پانچ کروڑ ستترلاکھ لوگ ہلاک ہوئے تھے لیکن 1944 ء میں امریکا میں عام انتخابات ہوئے، 1945ء میں انگلینڈ میں الیکشن ہوا تھا۔

لیگی سینیٹر نے کہا کہ 2008 ء میں ہمارے اپنے ملک میں بھی الیکشن ہوا ، جبکہ یہاں بھی بہت دھماکے ہورہے تھے۔ اب سیکیورٹی کے باعث الیکشن ملتوی ہوئے تو کبھی نہیں ہوں گے۔