نعیم حیدر پنجھوتہ کے کاغذات نامزدگی منظور
Image

بھیرہ : (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے پاور آف اٹارنی نعیم حیدر پنجھوتہ کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے ہیں۔

نعیم حیدر پنجھوتھ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے82 پی پی 71 اور پی پی 80 سے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں۔ سکروٹنی کے دوران نعیم حیدر پنجھوتہ کے کاغذات نامزدگی نامنظور کئے گئے تھے ۔ عدالت میں اپیل کرنے پر انکے کے حق میں فیصلے پر کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔

خیال رہے کہ نعیم حیدر پنجھوتہ نے قومی اسبلی کے حلقہ این اے 82 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے امیدواروں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انتخابات شروع ہونے سے قبل ہی بددیانتی واضح ہوگئی ہے۔ متنازع الیکشن کوئی قبول نہیں کرے گا۔تاہم پی ٹی آئی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرے گی۔

تاہم ان کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کر دیا گیا تھا۔ اس کیخلاف انہوں نے اپیل دائر کی تھی۔ایپلٹ ٹربیونل لاہور ہائیکورٹ میںدائر اپیل میں موقف اپنایا گیا تھا کہ اپیل کنندہ نے این اے 82 پی پی 71، 80 سے انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ تاہم ریٹرننگ افسر نے گاڑی ظاہر نہ کرنے پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

نعیم حیدر پنجھوتہ نے اپنی اپیل میں کہا تھا کہ میں مذکورہ گاڑی فروخت کر چکا ہوں۔ خریدار کی جانب سے گاڑی اپنے نام نہ کروانے کی وجہ سے وہ ریکارڈ میں میرے نام سے ظاہر ہو رہی ہے۔

انہوں نے اپیل میں مزید موقف اپنایا تھا ریٹرننگ افسر کو گاڑی فروخت کرنے کا ریکارڈ بھی فراہم کیا گیا تھا، اس لیے عدالت ریٹرننگ افسر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے حکم کو کالعدم اور انتخابات میں حصہ لینے کا حکم صادر کرے۔