گوگل کا ایڈ سینس پر کمائی کا طریقہ کار تبدیل کرنیکا اعلان
Image
کیلیفورنیا:(ویب ڈیسک) دنیا کے سب سے بڑی انٹرنیٹ سرچ انجن ’گوگل‘ نے ویب سائٹس پر اشتہارات کی کمائی کا طریقہ کار تبدیل کرنیکا اعلان کردیا ہے، گوگل کا کہنا ہے کہ نئے طریقے سے اشتہارات چلانے والے صارفین کی کمائی بہتر ہوگی، گوگل کیجانب سے ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر نئے سال 2024 کے موقع پر گوگل ایڈ سینس پر کمائی کا طریقہ تبدیل کردیا جائیگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس وقت ویب سائٹس پر اشتہارات دکھانے والے افراد اور کمپنیوں کو ’کلک‘ پر پیسے ملتے ہیں جبکہ نئے طریقے کے تحت صارفین کو اشتہارات کو ویب سائٹس پر آویزاں کرنے یا دکھانے پر پیسے ملیں گے، جسے ’امپریشن پیمنٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ’پر امپریشن پیمنٹ‘ کا مطلب یہ ہے کہ ویب سائٹس مالکان کو ہر امپریشن یعنی پیج ویو پر پیسے ملیں گے، عام طور پر گوگل ایک ہزار پیج ویوز کے حساب سے پیمنٹ فراہم کرتا ہے، تاہم بعض ویب سائٹس میں پیج ویوز کی تعداد کم یا زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔ ابھی تک گوگل ایڈ سینس پر ’پر کلک پیمنٹ‘ کا طریقہ رائج ہے، یعنی ویب سائٹس مالکان کو گوگل اس وقت پیمنٹ ادا کرتا ہے، جتنی بار ان کے پیج کو کلک کیا جاتا ہے لیکن نئے طریقے کے تحت ویب سائٹ کے کسی بھی حصے یا پیج پر اشتہار نظر آنے پربھی پیسے ادا کیے جائیں گے۔ نئے طریقے کے تحت ویب سائٹس مالکان کو کوئی تبدیلی نہیں کرنی پڑے گی، گوگل اپنے خود کار نظام کے تحت اشتہارات کو ویب سائٹس پر آویزاں کریگا،گوگل نے واضح کیا ہے کہ نئے طریقہ کار کے پیش نظر اگرچہ آمدنی آسان اور بہتر ہوجائے گی لیکن ویب سائٹس مالکان کی کمائی کے حصے میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔ یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا ایپس کو استعمال کرنے پر ماہانہ فیس عائد فل حال گوگل ایڈ سینس پر مونیٹائز ویب سائٹس کو اشتہارات کی کمائی کی مد میں 70 فیصد حصہ ملتا ہے، باقی 30 فیصد حصہ گوگل لیتا ہے،گوگل کسی بھی کمپنی سے اشتہارات دکھانے کے پیسے کلک یا پیج ویوز کے حساب سے لیتا ہے، یعنی کمپنیز کو بھی اتنے ہی پیسے ادا دینےپڑتے ہیں، جتنی بار انکا اشتہار دیکھا گیا ہو۔ گوگل ایڈ سینس کیا ہے؟ گوگل ایڈ سینس ویب سائٹس کو مونیٹائز کریکا طریقہ ہے یعنی یہ پیسے کمانے کا سب سے آسان طریقہ ہے،گوگل ایڈ سینس پر ویب سائٹ کو رجسٹرڈ کرنے کیلئے ویب سائٹ مالک کو جی میل پر اکاؤنٹ کھول کر ’ایڈ سینس‘ میں جاکر اپنی معلومات فراہم کرنے پڑتی ہے۔ گوگل کیجانب سے ویب سائٹ کو قابل قبول قرار دیے جانے کے بعد اس پر اشتہارات دکھانے کا سلسلہ جاری ہوجاتا ہے اور ہر ویب سائٹ پر اسکے علاقے اور پڑھنے والے افراد کی پسند کے مطابق اشتہارات دکھائے جاتے ہیں۔ گوگل ایڈ سینس کوپہلی بار 2003 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اس وقت دنیا بھر کی ویب سائٹس اس طریقہ کار سے سالانہ اربوں ڈالر کی کمائی کر رہی ہیں اور ہزاروں پاکستانی ویب سائٹس بھی اس سے کمائی کر رہی ہیں۔