نیپال میں زلزلے نے تباہی مچا دی، 128 افراد ہلاک
Image
کھٹمنڈو: (سنو نیوز) مغربی نیپال میں زلزلے نے تباہی مچا دی جس میں اب تک 128 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو اور اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جاجر کوٹ کھٹمنڈو سے تقریباً 500 کلومیٹر مغرب میں ہے۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی کھٹمنڈو میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ اس دوران لوگ سڑکوں پر خوفزدہ نظر آئیں۔ مغربی نیپال میں جمعہ کی رات تقریباً 11.30 بجے نیپال کے مغربی علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی ہے۔ جس کا مرکز جاجر کوٹ میں زمین کے نیچے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے 40 سیکنڈ تک جاری رہے۔ زلزلے کے جھٹکے ہندوستان اور چین میں بھی محسوس کیے گئے۔ شمالی ہندوستان میں بھی تقریباً 40 سیکنڈ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیپالی حکام نے تصدیق کی ہے کہ رکوم ویسٹ میں 35 جب کہ جاجر کوٹ ضلع میں 90 سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ زلزلے سے کئی مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔ ریسکیو فورس زلزلے کے بعد سے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل پرچنڈ نے زلزلے کی وجہ سے جان و مال کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ تینوں سیکورٹی ایجنسیوں کو فوری ریسکیو اور زخمیوں کی امداد کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔ کرنالی صوبے کی پولیس کے ترجمان گوپال چندر بھٹارائی نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 128 تک پہنچ گئی ہے اور تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع دور افتادہ علاقے میں ہونے کی وجہ سے معلومات حاصل کرنا مشکل ہو رہا ہے، ریسکیو کے کاموں میں مدد کے لیے نیپالی سیکورٹی فورسز کو بڑے پیمانے پر تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں لیکن ہم متبادل راستوں سے علاقے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، ضلعی ہسپتال زخمیوں کو لانے والے لوگوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نارائن پرساد بھٹارائی نے کہا کہ ہمارے پاس معلومات ہیں کہ زلزلے کی وجہ سے 2 اضلاع میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ خیال رہے2015 میں 7.8 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا تھا۔ ہمالیائی ملک نیپال میں زلزلے عام ہیں۔ 2015 میں 7.8 شدت کے ایک طاقتور زلزلے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا، جس میں 12000 سے زائد افراد جان سے چلے گئے اور ہزاروں مکانات تباہ ہو گئے تھے۔