پی ٹی آئی رہنماء میاں اسلم اقبال نے بالآخر خاموشی توڑ دی
Image
ویب ڈیسک: 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات پر تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنی طویل ٹویٹ پوسٹ میں 9 مئی کے سانحہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ان واقعات میں ملوث افراد کی مذمت کی ہے۔ اپنی ٹویٹ میں میاں اسلم اقبال نے کہاکہ 9مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہئے املاک کو نقصان پہنچانے والے کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں تلاش کرنے کے لئے پولیس نے ان کے گھر کے ساتھ ان کے کئی رشتہ داروں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے، پولیس نے ان کے گھر پر چھاپے کے دوران ان کی بیٹی کی شادی کے لئے تیار کیا گیا جہیز کا سامان بھی برباد کر دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کے حوالے سے کوئی آڈیو کال، ویڈیو کال یا کلپ، کوئی میسج کچھ ہے تو سامنے لاؤ۔ انہوں نے مزید کہا یہ تو ایک سیاسی آدمی کے گھر ریڈوں کی بات ہورہی ہے کتنے ہزاروں بے گناہوں کے گھروں پر ریڈ اور لوٹ مار کی کہانیاں سب کے سامنے آئیگی پھر چیف سیکرٹری، آئی جی اور سی سی پی او جواب دہ ہونگے۔