انٹربینک میں ڈالر پھر مہنگا
Image

کراچی:(سنونیوز) ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری، انٹربینک میں امریکی ڈالر 7 پیسے مہنگا ہو گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر7 پیسے مہنگا ہوجانے کے بعد 279 .19 روپے سے بڑھ کر 279.26 روپے پر بند ہوا۔ گذشتہ دنوں انٹر بینک میں ڈالر 279.20 روپے سے بڑھ کر 279 روپے 28 پیسے پر بند ہواتھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ ایک پیسہ کم ہوکر 282 روپے 3 پیسے رہا تھا۔

آئی ایم ایف کی پاکستان کی سیاست میں عدم مداخلت کی پالیسی اور منتخب ہونے والی نئی حکومت کے ساتھ جاری قرض پروگرام کے علاوہ نئے پیکیج پر بھی جائزہ لینے عندیےسے انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر میں اتارچڑھائو دیکھا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے نئے قرض پروگرام کے حصول کے لیے مطلوبہ اقدامات کے آغاز، سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں ممکنہ اضافے اور آئندہ ماہ آئی ایم ایف توسیعی فنڈز کے حصول کی کوششوں سے امکان ہے کہ ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں محدود پیمانے پر اتار چڑھائو کے استحکام رہے گا۔

دوسری جانب ہفتے کے پہلے روز اسٹاک مارکیٹ میں تیزی پر اختتام ہوا۔100 انڈیکس 626 پوائنٹس اضافے سے 65951 کی سطح پر بند ہوا۔ 16 ارب روپے مالیت کے 46.8 کروڑ شئیرز کے سودے ہوئے ۔واضح رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب اراکین کے حلف اٹھانے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 875 پوائنٹس اضافے سے 64 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تھی۔

اس سے ایک روز قبل 28 فروری کو کے ایس ای-100 انڈیکس 484 پوائنٹس یا 0.77 فیصد اضافے کے بعد 63 ہزار 703 پر پہنچ گیا تھا۔ 26 فروری کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 490 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔