بلوچستان میں دہشتگردوں کا بزدلانہ حملہ، 14 جوان شہید
Image

راولپنڈی: (سنو نیوز) بلوچستان میں دہشتگردوں نے بزدلانہ حملہ کرکے پاک فوج کے 14 جوانوں کو شہید کردیا۔ علاقے کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 نومبر 2023 ء کو ضلع گوادر کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر گھات لگائے دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ اس افسوسناک واقعے میں 14 فوجی جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو گرفتار کر کےانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکا، 5 افراد جاں بحق

خیال رہے کہ آج ڈیرہ اسماعیل خان ٹانک اڈہ پر پولیس گاڑی کے قریب دھماکے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق 5 سے 6 کلو بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصف تھا، 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، جس میں پولیس اہلکار شامل ہیں۔ دھماکے میں پولیس وین کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔

ڈی ایس پی حافظ عدنان کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، دھماکے کی نوعیت بارے میں کچھ نہیں کہہ جاسکتا، بی ڈی ایس سکواڈ جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کر رہا ہے۔

لکی مروت میں آپریشن ، 4 دہشتگرد ہلاک، ایک زندہ گرفتار

خیال رہے کہ اس سے قبل سیکیورٹی فورسز کی جانب سے لکی مروت کے نواحی علاقے میں آپریشن کے دوران چار دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک دہشتگرد کو زندہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر لکی مروت کے علاقے سیمو وانڈہ میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سیکیورٹی فورسز کے موثر آپریشن کے نتیجے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ہلاک و زخمی دہشتگردسیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں، معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سےاسلحہ، آلات اور دھماکا خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ مقامی آبادی نے سیکیورٹی فورسز کے دہشتگردوں کے خلاف بروقت آپریشن کو سراہا۔ علاقہ مکینوں نے دہشتگردی کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیکیورٹی فورسز کا آپریشن: 6 دہشتگرد جہنم واصل، 4 جوان شہید

گذشتہ ماہ 19 اکتوبر کو جنوبی وزیرستان میں شرپسندوں کے خلاف بھرپور آپریشن میں مزید 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے چار جوانوں نے بھی جان وطن پر نچھاور کر دی تھی۔

سیکیورٹی فورسز کی شمالی اور جنوبی وزیر ستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں انتہائی مطلوب دہشتگرد حضرت زمان عرف خوارے ملا ء سمیت 6 دہشتگر دہلاک ہوئے ۔ جبکہ پاک فوج کے 4 جوانوں نے بھی وطن پر اپنی جانیں نچھاور کیں۔ شمالی وزیرستان کے علاقے غریوم میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا۔

کارروائی میں چھ دہشتگردجنم واصل جبکہ پاک فوج کے تین جوان 36 سالہ لانس نائیک تبسم الحق ، 30 سالہ سپاہی نعیم اختر اور 23 سالہ سپاہی عبدالحمید جام شہادت نوش کرگئے ۔ ہلاک دہشتگرد خوارے ملاء دہشتگردی کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث اور سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقہ اسمان منزہ میں بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 25 سالہ سپاہی فرمان علی شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھاکہ دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر علاقے میںکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ افواجِ پاکستان وطن عزیز سے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں ۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں مسلح افواج کے حوصلوں کو مزید بلند کرتی ہیں۔