ایک لاکھ 62 ہزار 479 افغان پناہ گزین وطن واپس چلے گئے
Image
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے انخلاء کا عمل جاری ہے۔ اب تک کل ایک لاکھ 62 ہزار 479 افغان پناہ گزینوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 2 نومبر کو 19 ہزار 344 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے۔ جن میں 6255 مرد، 4706 خواتین اور 8383 بچے شامل ہیں۔ افغانستان روانگی کے لیے 430 گاڑیوں میں 1453 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی اور یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ پولیس اور رینجرز نے غیر قانونی افغان باشندوں کے انخلاء کے لیے پیش قدمی و عملی اقدامات کئے ہیں۔ کراچی میں سلطان آباد ہوسٹل، حاجی کیمپ، امین ہاؤس بوائے سکاوٹ ہاسٹل اور جیکب آباد جم خانہ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ ازخود انخلاء کے حوالے سے مسجدوں میں مسلسل اعلانات کئے جا رہے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 227 افراد جن میں 7 خاندان بھی شامل ہیں، از خود بوائز ہوسٹل سلطان آباد کراچی میں منتقل ہو چکے ہیں۔ 8 اکتوبر سے اب تک 617 خاندان اور 4208 غیر قانونی افراد کراچی و سندھ سے چمن کے راستے افغانستان جا چکے ہیں۔ غیر قانونی افغان باشندے ٹرانزٹ پوائنٹس میں پہنچ رہے ہیں جہاں خوراک، بستر اور میڈیکل سہولیات دستیاب ہیں۔ نادرا اور ایف آئی اے کے ویری فیکیش آفس بھی ٹرانزٹ پوائنٹس میں موجود ہیں۔ نادرا اور ایف آئی اے کے اہلکار مسلسل غیر قانونی افراد کی جانچ پڑتال میں مصروف ہیں۔ ٹرانزٹ پوائنٹس میں موجود افغان باشندوں نے دی گئی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چمن اور طورخم بارڈر سے روزانہ ہزاروں غیر قانونی افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ کے پی اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی افراد کے لئے عارضی ٹرانزٹ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔