27 February 2024

Homeتازہ ترینانٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ

انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ

پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری /فائل فوٹو

انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ

کراچی: (سنو نیوز) پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ،ڈالر 88 پیسے مہنگا ہوکر 284 روپے 31 پیسے پر بند ہوا۔

انٹر بینک مارکیٹ میں بند ہونے سے قبل پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 7 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 283 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ ہوا تاہم 88 پیسے مزید مہنگا ہونے کے بعد ڈالر 284 روپے 31 پیسے پر بندا ہوا۔

دوسری جانب صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہونے کے بعد دوسرے روز بھی مثبت رجحان جاری ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔

سٹاک مارکیٹ میں 100 کی انڈیکس ملکی تاریخ ریکارڈ بلند ترین سطح پر بند ہوا،100 انڈیکس 466 پوائنٹس اضافے سے 53123 کی سطح پر بند ہوا۔دن بھر میں 15 ارب روپے مالیت کے 50.4 کروڑ شئیرز کے سودے ہوئے۔ 365 کمپنیوں میں سے 225 کے شئیرز ویلیو میں اضافہ ہوا جبکہ 115 میں مندی رہی۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 10 بج کر 34 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 347 پوائنٹس یا 0.66 فیصد اضافے کے بعد 53 ہزار 4 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 52 ہزار 656.76 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے بتایا کہ ساڑھے چھ سال بعد بینچ مارک انڈیکس بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی اور سیاسی بے یقینی میں کمی سے مارکیٹ نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ سکتی ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار مارکیٹ نے قابل ذکر سنگ میل عبور کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں عام انتخابات کی تاریخ دینے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 314.13 یا 0.6 فیصد اضافے کے بعد 52 ہزار 656.76 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز کے سربراہ رضا جعفری نے کہا تھا کہ معیشت پر زیادہ توجہ، آگے بڑھنے کے لیے مالیاتی معاملات سے متعلق مثبت امکانات اور آئی ایم ایف جائزے کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کی امید مثبت رجحان کے معاون عوامل ہیں۔

Share With:
Rate This Article