کرکٹ کا جنون: پاکستانی خاتون کرکٹر آسٹریلیا پہنچ گئیں
Image

سڈنی :(سنونیوز)پی سی بی کی ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ 22 سالہ سائرہ جبین نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع پیراماٹا ویمنز گریڈ کرکٹ کلب کے ساتھ چھ ماہ کا معاہدہ کیا ہے۔ وہ 28 ستمبر 2023 کو آسٹریلیا پہنچی ہیں۔

وادی کلاش سے تعلق رکھنے والی سائرہ جبین ان 74 خواتین کرکٹرز کی فہرست میں بھی شامل ہیں جنہیں حال ہی میں پی سی بی نے 11 ماہ کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیا۔اپنے انٹرویو میں سائرہ جبین کا کہنا تھا کہ "میرے پاس پاکستان کی گراس روٹ کرکٹ کا اچھا تجربہ ہے، اور اب پیراماٹا کرکٹ کلب کے ذریعے مجھے آسٹریلیا میں مسابقتی کرکٹ کا تجربہ مل جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرامید ہوں کہ یہ کنٹریکٹ میری کرکٹ میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔"اس سفر میں آسٹریلیا ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان میل جونز اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے رکن یحییٰ غزنوی نے میری بہت مدد کی ہے۔"

خاتون کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں ان تمام خواتین کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال قائم کرنا چاہتی ہوں جو خواب تو دیکھ رہی ہیں لیکن سماجی دباؤ کی وجہ سے وہ اسے پورا نہیں کر پا رہی ہیں۔