بنگلادیش کے خلاف میچ میں نسیم شاہ نے بولنگ ٹپس دیں :وسیم جونئیر
Image

ممبئی:(سنونیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وسیم جونئیر کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کے خلا ف کھیلے جانے والے میچ سے قبل پیسر نسیم شاہ نے انہیں بولنگ ٹپس دی تھیں جو میچ کے دوران ا ن کے لیے بہت زیادہ کام آئیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کی جانب سے دی جانے والی ٹپس کا نہ صرف مجھے بلکہ ٹیم کوبھی فائدہ ہوا۔پاکستان کو جس جیت کی ضرورت تھی وہ مل گئی ، ٹیم ایفرٹ کی وجہ سے بنگلادیش کے خلاف کامیابی ملی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف اچھے مارجن سے جیتنے کی کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ورلڈ کپ میں پاکستان کی واپسی، بنگلا دیش کو 7 وکٹوں‌ سے شکست

واضح رہے گذشتہ روز ہندوستان میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے 31 ویں میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی واپسی کر لی ۔ پاکستان نے 205 رنز کا ہدف 32 اوور میں حاصل کیا۔ فخر زمان 81 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے شاندار آغاز فراہم کیا۔ دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرکے گرائونڈ کے چاروں اطراف بائونڈریاں لگائیں۔ عبداللہ شفیق 68 بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان بابراعظم 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

فخر زمان نے ناقابل شکست 82 رنز بنائے جس میں 3 چوکے اور 7 چھکے شامل ہیں۔ محمد رضوان 26 جبکہ افتخار احمد 17 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان نے 4 میچز میں مسلسل شکست کے بعد ورلڈ کپ میں تیسری فتح حاصل کرلی ۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ شاہین شاہ آفریدی نے اوپنر تنزید حسن کو صفر پر آئوٹ کرکے ون ڈے میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرلی اور وہ تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے گیند باز بن گئے۔

بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس 45 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان شکیب الحسن نے 43 رنز پر حارث رئوف کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔

بنگال ٹائیگرز کی جانب سے محمود اللہ نے واحد نصف سنچری اسکور کی۔ بنگلا دیش کے سات بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکے۔ شاہین شاہ آفریدی اور وسیم جونئیر نے 3 3، حارث روئوف 2 جبکہ اسامہ میر اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔