Homeکھیلپاکستان ویمنز نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان ویمنز نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

pak-africa

پاکستان ویمنز نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ویمن ٹیم نے جنوبی افریقا کیخلاف بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی ویمن سیریز کا پہلا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔

گذشتہ روز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں فلڈ لائٹ میں کھیلے جانیوالے پہلے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقا ویمن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر150 رنز بنائے، ٹیزمن برٹس نے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھے۔

جنوبی افریقا کے کپتان لورا ولوارٹ نے 38 گیندوں پر6 چوکوں کی مدد سے44 رنز بنائے، کیپ 18 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔

پاکستانی ویمن فیلڈرز نے ناقص فیلڈنگ کرتے ہوئے تین سے چار کیچز ڈراپ کیے جبکہ نشرہ سندھو نے 20، سعدیہ اقبال نے 22 اور فاطمہ ثنا نے 38 رنز دیکر ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

جنوبی افریقا کے 151 رنز کےتعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ،سدرا امین نے 31 گیندوں پر 5 چوکوں سے38 رنز کی اننگز کھیلی، بیٹر بسمعہ معروف نے 30 گیندوں پر 37 رنز سکور کیے جن میں 4چوکے بھی شامل تھے۔

منیبہ علی نے 19 اور شوال ذوالفقار نے 11 رنز بنائے، کپتان ندا ڈار 2 رنز کی مہمان رہیں،پاکستانی ٹیم کو آخری اوور میں جیت کیلئے 8 رنز درکار تھے، آخری گیند پر عالیہ ریاض نے بہترین سٹروک کھیل کر مطلوبہ ایک رن بنالیا اور اس طرح پاکستان نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان ویمن ٹیم کا یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بہترین رن چیز ہے،عالیہ ریاض 26 گیندوں پر 28 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں،چار پاکستانی کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔

پاکستان نےجنوبی افریقا کیخلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی ، سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

Share With:
Rate This Article