سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 4 دہشتگرد جہنم واصل
Image

راولپنڈی: (سنو نیوز) سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرکے خود کش بمبار سمیت 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے یہ آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا ۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں خودکش بمبار سمیت چار دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے۔ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کاروائیوں میں ملوث تھے ۔ وطن کے دشمن یہ دہشت گرد دہشتگردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ ، گولیاں اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر علاقہ میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/31/12/2023/pakistan/62244/

خیال رہے کہ رواں سال کے اختتامی دن یعنی 31 دسمبر 2023ء کے رو ز سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کے علاقے بٹوار میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرکے افغان سرحد سے پاکستان دراندازی کی کوشش کرنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تین دہشت گرد پاک افغان سرحد کے علاقہ بٹوار سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، اس دوران سیکیورٹی فورسز کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ مرنے والے دہشت گردوں کے قبضہ سے ہتھیار،گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمدکرلیاگیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے سپن وام میں سرحد پار سے دہشتگردوں نے فائرنگ کی اور سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کاروائی میں دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/30/12/2023/pakistan/62124/

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے افغان حدود سے پاکستانی سرحدی چوکی کو نشانہ بنایا، جس میں نائیک عبدالروف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ شہید کی عمر 31 سال اور تعلق رحیم یار خان سے ہے۔

پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان عبوری افغان حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ کے لئے بارہا معاملہ اٹھا چکا ہے، توقع ہے افغان عبوری حکومت دہشتگردوں کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی مزید اجازت نہیں دے گی۔