کرکٹ ورلڈکپ: پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا کتنا امکان؟
Image
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کی جیت کے بعد بنگلہ دیش اس ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے جبکہ پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں ابھی بھی برقرار ہیں۔ سیمی فائنل میں جانے کے لیے پاکستان کو نیوزی لینڈ اور پھر انگلینڈ کے خلاف ہر صورت فتح حاصل کرنا ہوگی۔ اسی طرح پاکستانی مداحوں کو یہ دعا بھی کرنا ہوگی کہ نیوزی لینڈ اپنے باقی تینوں میچ ہارے یا پھر کم از کم دو میچ ہارے اور ایک میچ میں کم مارجن سے جیت حاصل کرے۔ نیوزی لینڈ نے اپنے آخری تین میچ جنوبی افریقہ، پاکستان اور سری لنکا کے خلاف کھیلنے ہیں۔ اسی طرح اگر آسٹریلیا اپنے باقی تینوں میچ ہار جائے اور پاکستان اپنے تینوں میچ جیت جائے تو گرین شرٹس ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔ اگر آسٹریلیا اپنے باقی تین میچوں میں سے دو میچ ہارتا ہے تو پاکستان کو دعا کرنی ہوگی کہ آسٹریلیا اپنا ایک میچ کم مارجن سے جیتے تاکہ پاکستان نیٹ رن ریٹ پر سیمی فائنل میں جا سکے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کی واپسی، بنگلا دیش کو 7 وکٹوں‌ سے شکست یاد رہے کہ انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 31 ویں میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے ہرایا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 205 رنز کے ہدف کو پاکستان نے 32.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال بنگلہ دیش کے خلاف آسان جیت کے بعد پاکستان ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگیا ہے جبکہ گرین شرٹس کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.024 ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ پوائنٹس ٹیبل پر انڈیا 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 8 پوائٹس کے ساتھ تیسرے، آسٹریلیا 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ افغانستان 6 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، سری لنکا 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، نیدرلینڈز 4 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، بنگلہ دیش 2 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور دفاعی چیمپیئن انگلینڈ 2 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔