کوئی بھی ملک پاکستان کو ہدایات نہیں دے سکتا: ترجمان دفتر خارجہ
Image

اسلام آباد:(سنو نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک پاکستان کو ہدایات نہیں دے سکتا ۔ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی پی منصوبے کو اہم سمجھتا ہے اور توانائی کا حصول ترجیحات میں ہے۔ امریکا سے یمن اسلحہ اسمگلنگ میں گرفتار باشندوں تک قونصلر رسائی مانگی ہے جس کے بعد شناخت کی تصدیق ہو گی ۔

صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر کابینہ توانائی کمیٹی فیصلہ کر چکی ہے ۔ پاکستان منصوبے کو اہم سمجھتا ہے اور توانائی کا حصول ترجیحات میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی کمیٹی نے پہلے مرحلے میں پاکستان میں 80 کلومیٹر پائپ لائن کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ کوئی بھی ملک پاکستان کو ہدایات نہیں دے سکتا ۔ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے۔ ہم پاکستان کے اندرونی معاملات پر اپنے آزادانہ فیصلے کرنے ہر یقین رکھتے ہیں ۔ ابھی تک آئی پی میں کسی تیسرے ملک کے شمولیت کا علم نہیں ہے۔

ممتاز زپرا بلوچ نے کہا کہ یمن میں ہوثیوں کو اسلحہ اسمگلنگ میں امریکا کے ہاتھوں گرفتار باشندوں پر امریکی محکمہ انصاف کی رپورٹس دیکھی ہیں، تاہم ان گرفتار باشندوں کی شہریت کی تصدیق ابھی نہیں ہوئی ۔ ان کی شناخت کی تصدیق کے لیے امریکا سے قونصلر رسائی مانگی ہے ۔ قونصلر رسائی ملنے کے بعد ہی ان گرفتار شدگان کی شہریت کی تصدیق کر سکتے ہیں ۔ معاملے پر اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے رابطہ میں ہیں ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلم کانفرنس کے دھڑوں پر پابندی کو تسلیم نہیں کرتے۔ وہ 8 کشمیری جماعتوں پر پابندی عائد کر چکا ہے، فوری طور پر پابندیاں اٹھائے ۔