مہنگائی کی شرح میں بڑی کمی: ادارہ شماریات
Image

اسلام آباد: (سنو نیوز) ادارہ شماریات کا پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں کمی کا دعویٰ۔ ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اچھی خاصی کمی دیکھنے کو ملی ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر دیکھا جائے تو ماہ فروری میں مہنگائی کی شرح 23 اعشاریہ ایک فیصد ہے جبکہ گزشتہ ماہ جنوری میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 28 اعشاریہ 3 فیصد تھی۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے شہری علاقوں میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی فروری میں کم ہو کر 24.9 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ دیہی علاقوں میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 20.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/02/02/2024/business/67780/

جنوری کے مہینے پر نظر ڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں مہنگائی 30.2 فیصد پر ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ دیہی علاقوں میں ماہ جنوری میں مہنگائی کی شرح 25.7 فیصد تھی۔

ادارہ شماریات کے ماہانہ اعداد و شمار کے مطابق فروری 2024 میں مہنگائی کی شرح میں کوئی اضافہ دیکھنے کو نہیں ملا ہے جبکہ گزشتہ ماہ جنوری میں مہنگائی کی شرح میں ایک اعشاریہ 8 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا تھا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ فروری میں انڈے 32.2 فیصد، ٹماٹر 25 فیصد، پیاز 7.9 فیصد، چائے 7.8 فیصد اور آلو 5.6 فیصد سستے ہوئے جبکہ ایک ماہ میں گیس 10 فیصد اور پیٹرول 3.5 فیصد مہنگے ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/26/02/2024/pakistan/70875/

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر ملک میں مہنگائی کی شرح میں ایک اعشاریہ 27 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

پاکستان شماریات بیورو نے 29 فروری تک حساس اعشاریوں پر مبنی مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار اپنی رپورٹ میں جاری کر دیئے جس کے مطابق ایک ہفتے میں گیس 15.52فیصد مہنگی ہو گئی، کیلا 5.2 فیصد، پیاز 2.8 فیصد اور انڈے 1.3 فیصد مہنگے ہوئے ہیں جبکہ ایک ہفتے میں ٹماٹر 11.4 فیصد اور دال ماش ایک فیصد سستے ہوئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملی ہے اور 25 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ فروری کے مہینے میں تازہ پھل 6.87 فیصد، شہد 3.1 فیصد اور مچھلی 3 فیصد مہنگی ہوئی۔ بیسن 2.5 فیصد، دال مونگ 2.1 فیصد، دال چنا 1.5 فیصد، گوشت 1.2 فیصد مہنگے ہوئے

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/08/01/2024/latest/63530/

رپورٹ کے مطابق ایک سال میں ٹماٹر کی قیمت میں 114.5 فیصد، مصالحے 55.3 فیصد اور چینی 53.4 فیصد، تازہ سبزیاں 46.2 فیصد، آٹا 45 فیصد، لوبیا 41.3 فیصد اور مشروبات کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ہی ایک سال میں چائے 31.7 فیصد، دال ماش 28.8 فیصد اور خشک میوہ جات 25 فیصد، آلو 22.4 فیصد، خشک دودھ 21.7 فیصد، دال مسور 21 فیصد اور گندم والی اشیاء 20.9 فیصد مہنگی ہوگئیں جبکہ سالانہ بنیادوں پر گھی 15.4 فیصد اور کوکنگ آئل 14.2 فیصد سستے ہوئے ہیں۔