غلام مصطفیٰ شاہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب
Image

اسلام آباد: (سنو نیوز) قومی اسمبلی میں ہونے والے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام مصطفیٰ شاہ 197 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔ 

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے 290 اراکین نے ووٹ ڈالا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام مصطفیٰ شاہ کو 197 ووٹ پڑے ،سنی اتحاد کونسل کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے امیدوار جنید اکبر خان کو 92ووٹ ملے ۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام مصطفیٰ شاہ کامیاب قرار پائے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق 199 ووٹ لے کر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ملک محمد عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کئے تھے۔ انتخاب کی گنتی مکمل ہونے کے بعد سبکدوش ہونے والے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اعلان کیا کہ سردار ایاز صادق 199 ووٹ لیے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے ملک عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے کل 291 ووٹ ڈالے گئے جبکہ ایک مسترد ہو گیا۔

نو منتخب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تیسری دفعہ اس ایوان کا سپیکر منتخب ہو ا ہوں۔ میں اپنے قائد میاں نواز شریف کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے تیسری دفعہ اس عہدے کے لیے نامزد کیا ۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں اس پورے ایوان کا کسٹوڈین ہوں۔ میں بیرسٹر گوہر اور سنی اتحاد کونسل کے دیگر اراکین کا بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس جمہوری عمل میں حصہ لیا ۔ میری حکومتی اور اپوزیشن بنچوں سے گزارش ہے کہ اعتراض اور تنقید ضرور کریں ،آپکی تنقید بہتری کے لیے ہونی چاہیے ۔