سال کے پہلے دن اے این ایف کی کارروائیاں
Image

کراچی:(ویب ڈیسک)اینٹی نارکوٹکس فورس کی نئے سال کے پہلے روز کارروائیاں، 2 ہزار کلوسے زائد منشیات برآمد، خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق سال نو پر بلوچستان کے مختلف شہروں قلعہ عبداللہ، پشین اور چمن سے مجموعی طورپر65 من سے زائد منشیات پکڑی گئیں،پکڑی جانے والی منشیات کی بڑی کھیپ ملک بھر میں اسمگل کرنے کے لیے ذخیرہ کی گئی تھی۔

اے این ایف کی جانب سے بلوچستان میں سب سے بڑی کارروائی قلعہ عبداللہ کے علاقے مزئی اڈہ میں کی گئی،جس کے دوران 1460کلوگرام(36.5من)چرس، 215کلوگرام(5من سے زائد) چرس قبضے میں لی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق پشین میں کارروائی کے دوران 510کلوگرام(12من)چرس ، چمن کے علاقے ٹوبہ اچکزئی میں 335.6کلوگرام(8من سےزائد)چرس، پشین کے علاقے کلی عالم خان میں 180کلوگرام(ساڑھے 4من) چرس اور چاغی کے پہاڑی علاقے سے کارروائی کے دوران 17 کلوگرام کرسٹل ہیروئن برآمد کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/27/12/2023/latest/61671/

اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ خیبرکے علاقے مورگاہ بارڈر میں 4 مختلف کارروائیوں کے دوران 68.4کلوگرام چرس او خیبرکے علاقے کباڑی مارکیٹ میں منشیات بنانے والی فیکٹری سے6 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

علاوہ ازیں جناح ائیرپورٹ کے قریب کوریئر آفس میں دبئی کے لیے بُک کئے گئے پارسل سے 100گرام چرس برآمد کی گئی، ترنول پھاٹک اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 4.8 کلو چرس برآمد کرکے میاں، بیوی کو چار بچوں سمیت گرفتار کیا گیا۔

اے این ایف کی جانب سے گرفتار ملزمان کےخلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔گذشتہ دنوں اسلام آباد پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والا گروہ کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق گرفتار منشیات فروشوں کی شناخت مبشرحسین، مدثرعلی، افضال حسین کے نام سے ہوئی جو بری امام کے رہائشی ہیں، اور ان کے قبضے سے11900 گرام منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے منشیات یونیورسٹی کےجنگل میں کھدائی کرکےگیلن کے اندر چھپائی ہوئی تھی، گرفتارملزمان کے انکشاف پر پولیس نے چھاپہ مارکر ملزمان کے گھروں اور جنگل سے منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کی۔

پولیس تفتیش کےمطابق ملزمان قائد اعظم یونیورسٹی سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔گرفتارملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات کی توقع ہے۔دریں اثنا آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے پولیس ٹیم کو منشیات فروشوں کے نیٹ ورک کو پکڑنے پر شاباش دی ہے۔

دوسری جانب منشیات کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، 5 تا 12 نومبر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 3143 کلو منشیات ضبط جبکہ 34 سے زائد گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

آپریشن کے دوران خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور سندھ سے 2644 کلو منشیات ضبط کی گئی، کریک ڈاؤن کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخواہ سے 234 کلو، گلگت سے 117 کلو اور بلوچستان سے 1740 کلو چرس برآمد ہوئی۔