ایران کے خرج جزیرے پر تمام فوجی اہداف تباہ کر دئیے: ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کی/ فائل فوٹو
واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آج بڑا حملہ کیا، ایران کو شدید دھچکا لگا ہے، ایران کے خرج جزیرے پر تمام فوجی اہداف تباہ کردئیے، جزیرے پر واقع تیل کی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں لکھا کہ ایران نے اگر آبنائے ہرمز سے جہازوں کے آزادانہ اور محفوظ انداز سے گزرنے میں مداخلت کی کوشش کی تو وہ ایران کی تیل تنصیبات پر بھی حملے سے گریز نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا سعودیہ میں فوجی اڈے پر حملہ، 5 امریکی طیارے تباہ

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اپنی پہلی مدت کے دوران، اور اب دوبارہ میں نے اپنی فوج کو دنیا بھر میں انتہائی طاقتور اور موثر قوت کے طور پر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس کسی بھی چیز کا دفاع کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، جس پر ہم حملہ کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار نہ رکھ سکے گا اور نہ وہ امریکا، مشرق وسطیٰ یا دنیا کو دھمکی دے سکے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایرانی فوج اور اس حکومت میں شامل لوگوں کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور اپنے ملک کو بچالیں۔

علاوہ ازیں ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی نیوی کے ذریعے جلد بحری جہازوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں امریکا اور اسرائیل کے مقاصد مختلف ہوسکتے ہیں۔
 

ضرور پڑھیں