پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے کمی کا امکان
Image
اسلام آباد: (سنو نیوز) عالمی مارکیٹ میں مندی کے رجحان کے سبب ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
 
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق یکم جون سے پیٹرول 5 روپے فی لیٹر تک سستا ہوسکتا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹرتک کمی متوقع ہے۔ اوگرا کی سمری پر وزارت خزانہ وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کرے گی۔
 
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ 15 دنوں کے دوران عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بالترتیب 3.25 ڈالر اور 2.10 ڈالر فی بیرل کم ہوئی ہے، جبکہ اس سے پچھلے 15 دنوں میں 8.7 ڈالر اور 4.3 ڈالر فی بیرل کی تنزلی ہوئی تھی۔
 
واضح رہے کہ اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 273 روہے 10 پیسے اور فی لیٹر ڈیزل 274 روپے 8 پیسے میں دستیاب ہے۔
 
اندرون ملک فریٹ ایکویلائزیشن مارجن (آئی ایف ای ایم) کے حتمی حساب کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے کی کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، پیٹرول پر امپورٹ پریمیم بھی گزشتہ 15 دنوں کے دوران 10.30 ڈالر فی بیرل سے تقریباً 7 فیصد تنزلی کے بعد 9.70 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے۔
 
تاہم امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں گزشتہ 15 دنوں کے دوران 10 پیسے کی کمی آئی ہے، اس طرح پیٹرول کی موجودہ قیمت 273 روپے 10 پیسے میں 5 روپے فی لیٹر کی کمی کا تخمینہ ہے۔
 
عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت بھی 2.10 ڈالر فی بیرل گھٹ گئی ہے، جبکہ پاکستان اسٹیٹ آئل کی جانب سے ادا کردہ بینچ مارک امپورٹ پریمیم 6.50 ڈالر فی بیرل پر برقرار ہے، لہٰذا ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 4 روپے کی کمی ہوسکتی ہے، تاہم اس کا انحصار آئی ایف ای ایم کے حتمی حساب و کتاب پر ہے، اس وقت ڈیزل کی قیمت 274 روپے 8 پیسے ہے۔
 
حکام نے بتایا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 95 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر تقریباً 98.27 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 99.12 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 97 ڈالر پر آ گئی ہے، جس کے نتیجے میں 16 مئی سے ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی بالترتیب 15.93 روپے اور 7.88 روپے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔
 
حکومت پہلے ہی پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی حاصل کر رہی ہے، جو قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ قابل اجازت حد ہے، جبکہ 31 مارچ کو ختم ہونے والے پہلے ابتدائی 9 ماہ کے دوران حکومت اس مد میں 720 ارب روپے اکٹھا کر چکی ہے، حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ کیے گئے وعدوں کے تحت رواں مالی سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی مد میں 869 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔
 
          
ضرور پڑھیں