امریکا کا ایران پر آج مزید سخت حملوں کا عندیہ
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے آج ایران پر مزید سخت حملوں کا عندیہ دے دیا۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے آج ایران پر مزید سخت حملوں کا عندیہ دے دیا۔

پینٹاگون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ امریکا اور سرائیل کے مشترکہ حملوں میں ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے، اب تک ایران کے 15 ہزار سے زائد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کی نئی قیادت زیر زمین بنکروں میں چھپ گئی ہے، گزشتہ روز ایرانی سرکاری ٹی وی پر مجتبیٰ خامنہ ای کا ایک تحریری بیان پڑھ کر سنایا گیا تھا تاہم اس کے ساتھ کوئی ویڈیو یا آڈیو جاری نہیں کی گئی، نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اس وقت خوف زدہ اور زخمی ہیں اور منظر عام پر آنے سے گریزاں ہیں۔

امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران پر تقریباً ایک ہزار حملے روزانہ کیے جا رہے ہیں، ایران کا دفاعی نظام ناکارہ ہو چکا ہے، ایرانی بحریہ کو بھی ختم کر دیا گیا ہے، امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کی میزائل صلاحیت میں 90 اور ڈرون صلاحیت میں 95 فیصد کمی آچکی ہے، ایرانی فوج کو بڑی حد تک جنگ کے قابل نہیں چھوڑا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی ایرانی سپریم لیڈرمجتبیٰ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی دھمکی

پیٹ ہیگستھ کا کہنا تھا کہ آج ایران پر اب تک کے سب سے سخت حملے کیے جائیں گے، اپنے اہداف کے حصول تک ہم رکنے والے نہیں، امریکا اور اسرائیل کا مقصد ایران کی تمام اہم فوجی صلاحیتوں کو مکمل طور پر تباہ یا غیر فعال کرنا ہے، بہت جلد ایران کی دفاعی صنعت سے وابستہ کمپنیاں بھی ہمارے نشانے پر ہوں گی۔

امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع سے متعلق تمام اختیارات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ہیں اور وہی اس جنگ کی رفتار، طریقہ کار اور وقت کا تعین کریں گے۔ 

ضرور پڑھیں