عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ قریبی عمارتیں لرز اٹھیں جبکہ شہر کے مرکزی حصے میں فضا میں دھوئیں کے بادل بھی دیکھے گئے۔
خبر رساں ادارے کے نمائندے نے بتایا کہ دھماکے کے وقت انہوں نے اپنی رہائشی عمارت کو ہلتے ہوئے محسوس کیا اور ایک زوردار آواز سنی جس کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پیدا ہوگئی، دھماکے کے فوراً بعد متعدد مقامات پر سائرن کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں، خاص طور پر مرکزی شاہراہ شیخ زاید روڈ کی سمت سے ہنگامی گاڑیوں کی آمد و رفت بڑھ گئی۔
دبئی میڈیا دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہر میں فضائی دفاعی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے کے باعث مرکزی دبئی میں واقع ایک عمارت کے بیرونی حصے کو معمولی نقصان پہنچا، واقعے کے فوراً بعد امدادی اور سیکیورٹی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو محفوظ بنا لیا گیا۔
بیان کے مطابق اس واقعے میں کسی بھی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور شہریوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران، اسرائیل جنگ: امریکا کا طیارہ عراق میں گر کر تباہ
ذہن نشین رہے کہ اس سے ایک روز قبل جمعرات کو بھی دبئی کے مرکزی علاقے میں دھماکوں جیسی آوازیں سنائی دی تھیں، جس کے بعد حکام نے ایک ڈرون سے متعلق معمولی واقعے کی تصدیق کی تھی۔